ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے متحرک ،ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کے مختلف علاقوں کے دورے

جمعرات 30 دسمبر 2021 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2021ء) ضلعی انتظامیہ لاہور ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے متحرک ہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمود الرشید کے ہمراہ گوپال نگر گلبرگ تھری یو سی 206 این اے 130 اور ھما بلاک، کشمیر بلاک، نرگس بلاک علامہ اقبال زون کے علاقے کے دورے کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد اور دیگر بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمود الرشید کو سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ گوپال نگر گلبرگ تھری میں تقریباً 02 کروڑ کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ ہما بلاک کشمیر بلاک علامہ اقبال زون میں بھی 02 کروڑ کی لاگت سے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

کشمیر بلاک میں سٹریٹ اور سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

انہوں نے سٹریٹ اور سڑک کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ کشمیر بلاک میں سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے پر ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے ڈی ڈی او ڈویلپمنٹ سے تمام تر تفصیلات طلب کر لیں۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کو کشمیر بلاک سڑک دوبارہ تعمیر کرنے کی ہدایات کیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ سڑک دوبارہ تعمیر نہ کرنے کی صورت میں سخت ایکشن لیتے ہوئے کیس اینٹی کرپشن کو بھجوایا جائے گا۔

انہوں نے علامہ اقبال ٹاؤن پارک کی چار دیواری کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ نرگس بلاک میں سیوریج سسٹم میں مزید بہتری لانے کے لئے ترقیاتی کام جاری ہے۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ گوپال نگر اور نرگس بلاک میں سیوریج سسٹم کی بہتری سے رہائشی مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمود الرشید نے ترقیاتی کاموں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو کافی حد تک ریلیف ملے گا۔