بحرین نے 10 سال سے زائد عرصے بعد شام کیلئے اپنا پہلا سفیر نامزد کردیا

شام کو 2011ء میں 22 رکنی عرب لیگ سے نکال دیا گیا تھا ‘ اب بحرینی کے بادشاہ نے وحید مبارک سیار کو مملکت کا شام میں غیر معمولی اور مکمل اختیار والا سفیر مقرر کیا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 31 دسمبر 2021 11:18

بحرین نے 10 سال سے زائد عرصے بعد شام کیلئے اپنا پہلا سفیر نامزد کردیا
منامہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 دسمبر 2021ء ) خلیجی ملک بحرین نے 10 سال سے زائد عرصے بعد شام کیلئے اپنا پہلا سفیر نامزد کردیا ، شام کو 2011ء میں 22 رکنی عرب لیگ سے نکال دیا گیا تھا تاہم بحرین کا سفارت خانہ دمشق میں 2018 میں دوبارہ کھولا گیا تھا ۔ خلیجی میڈیا کے مطابق بحرین کی جانب سے جمعرات کو ایک دہائی سے زائد عرصے میں شام کے لیے اپنا پہلا سفیر مقرر کیا گیا ، جس کو خلیجی عرب ممالک کی طرف سے دمشق تک تیزی سے رسائی کی تازہ ترین علامت سمجھا جارہا ہے ، شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا یہ فرمان ایسے وقت میں آیا جب شام کی خانہ جنگی شروع ہونے کے تقریباً 11 سال بعد مزید عرب ممالک دمشق کے ساتھ تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔

بحرین کی خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ شام کو 2011ء میں 22 رکنی عرب لیگ سے نکال دیا گیا تھا ، عرب ممالک نے دمشق پر پابندیاں عائد کیں اور شہریوں کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کی مذمت کی تاہم بحرین کا سفارت خانہ دمشق میں 2018 میں دوبارہ کھولا گیا تھا اور اب بادشاہ نے وحید مبارک سیار کو مملکت کا شام میں غیر معمولی اور مکمل اختیار والا سفیر مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے گزشتہ ماہ دمشق کا دورہ کیا تھا اور صدر بشار الاسد سے ملاقات کی تھی، جس سے یہ واضح اشارہ ملتا ہے کہ عرب دنیا شام کے طاقتور شخص کے ساتھ دوبارہ رابطے کے لیے تیار ہے اور زیادہ تر خلیجی ممالک دمشق کے ساتھ گرمجوشی کے تعلقات چاہتے ہیں ، اس امید میں کہ وہ اسے تہران کے اثر و رسوخ سے دور کر دیں کیوں کہ ایران شام کا روایتی اتحادی ہے اور اس نے مارچ 2011ء میں شروع ہونے والے تنازع کے دوران اسد کی حمایت کے لیے مشیر اور وسائل بھیجے ہیں۔