اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، سال 2021 میں357فلسطینی شہید

غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 257 اور غرب اردن کے شہروں میں 100 فلسطینی شہید کیے گئے،رپورٹ

اتوار 2 جنوری 2022 13:05

غرب اردن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2022ء) قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سال 2021 کے دوران 357 فلسطینی شہید ہوئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق قومی سوسائٹی برائے شہدا فلسطین کے سیکرٹری جنرل محمد صبیحات نے بتایا کہ فیلڈ ریسرچ اور تحقیق کے دوران فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے۔

جمع کردہ اعدادو شمار کے مطابق یکم جنوری 2021 سے 31 دسمبر2021 تک 357 فلسطینیوں کوشہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ ایک سال کے دوران فلسطین میں شہید ہونے والی خواتین کی سب سے بڑی تعداد ہے کیونکہ شہدا میں 19 فی صد خواتین ہیں۔ سنہ 1948 کو فلسطین پر اسرائیل کے ناجائز تسلط کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بڑی تعداد میں خواتین کو شہید کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس مجموعی شہدا کی تعداد 357 رہی۔ غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 257 اور غرب اردن کے شہروں میں 100 فلسطینی شہید کیے گئے۔18 سال سے کم عمر کے 79 فلسطینی بچے شہید کیے گئے جو کہ کل شہدا کا 22 فی صد ہے۔ گذشتہ برس69 خواتین بھی اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہوئیں جو کل شہدا کا 19 فی صد ہیں۔