آئی جی سندھ کی کراچی رینج کےکمانڈنگ آفیسرز کےساتھ ملاقات

پیر 3 جنوری 2022 15:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2022ء) آئی جی سندھ نے کراچی رینج میں خدمات سرانجام دینے والے تمام پولیس آفیسرز کو نئے سال کی مبارکباد دی اور  2021 میں پولیس کی مجموعی کارکردگی پر سراہا۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پولیس کی مذہبی تہواروں، یوم آزادی، 6 ستمبر، کرسمس، قائداعظم ڈے، نیو ائیر سمیت شہر میں بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کی آمد اور کھیلوں کے ایونٹس میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کرنے پر بھی شاباشی دی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے  2021 میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے دوران شہادت پانے والے پولیس کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی سندھ نے تمام زونل ڈی آئی جیز اور ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز کو انٹیلیجنس نیٹ ورک مزید فعال کرنے کی ہدایت دی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل ایس پی کی نگرانی میں نائٹ پیٹرولنگ کو مزیدمئوثر بنانے سمیت پیٹرولنگ پر تعینات اہلکاروں کو سینئر پولیس آفیسر کی جانب سے ازخود بریفنگ دینے اور تھانوں میں فرائض سر انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری۔

اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے موثر مہم چلانے اور آپریشن پولیس کو ترجیحی بنیادوں پر اس مہم کا حصہ بن کر گرفتاریاں عمل میں لانے کی ہدایت دی گئی۔ ایس پی انویسٹی گیشنز کو تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور خصوصی طور پر عورتوں اور بچوں کے مقدمات کو جدید خطوط اور سائنسی/فارنزک شواہد کی بنیاد پر حل کر کے منطقی انجام تک پہنچانے کا حکم دیا گیا۔

شہر میں کسی وجہ سے روڈ بلاک ہو جائے تو فوری متبادل روٹس بنا کر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کی ہدایت دی گئی ، عوام کو میڈیا کے زریعے متبادل راستوں کے متعلق آگاہ کرنے اور ایسی صورتحال میں آپریشن پولیس کو ٹریفک پولیس کیساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز اپنے بہترین افسر کو ہی ایس ایچ او تعینات کریں، متعلقہ افسر کا ٹریک ریکارڈ اور کارکردگی کی جانچ کو یقینی بنائیں۔ کراچی پولیس کے افسران و جوان شہر میں امن کی بحالی میں بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت  زونل ڈی آئی جیز، ڈسٹرکٹ ایس ایس پی، ایس پی انویسٹی گیشنز، ڈویژنل ایس پیز، سب ڈویژنل آفیسرز، ایس آئی اوز اور ایس ایچ اوز بھی موجودتھے۔