یو اے ای ؛ کارکن اب مفت وائی فائی اور ٹی وی آن بورڈ والی لگژری بسوں سے لطف اندوز ہوں گے

نئے سال کے تحفے کے طور پر کارکنوں کیلئے جدید بسیں متعارف‘ کارکنان اب مفت وائی فائی اور بسوں میں موجود اسکرینوں پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے اپنی کام کی جگہوں اور واپس اپنی رہائش گاہوں تک پہنچیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 4 جنوری 2022 12:52

یو اے ای ؛ کارکن اب مفت وائی فائی اور ٹی وی آن بورڈ والی لگژری بسوں سے ..
عجمان ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 04 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں کارکن اب مفت وائی فائی اور ٹی وی آن بورڈ والی بسوں سے لطف اندوز ہوں گے ، یو اے ای کی ایک کمپنی نے نئے سال کے تحفے کے طور پر کارکنوں کے لیے لگژری بسیں متعارف کروادیں‘ 2025ء تک ایسی 200 بسیں لگائی جائیں گی۔ گلف نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق عجمان میں ایک اہم اقدام کے تحت متحدہ عرب امارات میں مقیم کمپنی سے تعلق رکھنے والے کارکنان اب مفت وائی فائی سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور بسوں میں موجود اسکرینوں پر ویڈیوز دیکھ سکیں گے جو انہیں ان کے کام کی جگہوں اور واپس اپنی رہائش گاہوں تک لے جاتی ہیں۔


عجمان میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب کے دوران کارکنوں کے ایک گروپ کو ہائی ٹیک بسوں کے پہلے سیٹ پر سرخ قالین پر خوش آمدید کہا گیا ، ایک معمار کشن اندرا دیو نے کہا کہ مزدور اپنے روزانہ کے سفر کے دوران مفت وائی فائی حاصل کرنے پر خوش ہیں ، ہم مقام اور ٹریفک کے لحاظ سے تقریباً 40 منٹ سے ڈیڑھ گھنٹہ بس میں گزارتے ہیں ، عام طور پر ہم سفر کے دوران بور ہو جاتے ہیں ، اب ہم گھر کال کر سکتے ہیں اور وقت اور پیسہ بچا سکتے ہیں ، جب ہم اپنی رہائش تک پہنچ جائیں تو ہم کھانا پکانے پر توجہ دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی میں پینٹر و پلمبر کا کام کرنے والے محمد راشد نے کہا کہ ان کی شفٹ دیر سے ختم ہوتی ہے اور بعض اوقات ان کے گھر والے سو جاتے ہیں جب تک وہ اپنی رہائش پر واپس آجاتا ہے ، اس لیے اسے زیادہ تر کام کے دنوں میں اپنے خاندان سے ویڈیو کالز پر رابطہ قائم کرنے کا موقع نہیں ملتا لیکن اب میں بس میں رہتے ہوئے کال کر سکتا ہوں کیوں کہ ہمیں اپنی رہائش گاہوں پر مفت وائی فائی تک رسائی حاصل ہے۔


جدید سہولیات والی بسیں متعارف کرانے والی کمپنی ورلڈ سٹار ہولڈنگ نے کہا کہ بلیو کالر ورکرز کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے اور ان کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا اقدام اٹھایا گیا ، مزدوروں کے لیے نئے سال کے تحفے کے طور پر اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نشاد نے کہا کہ تعمیراتی مقامات پر آنے اور جانے کے دوران کارکن بس سے اپنے اہل خانہ سے ویڈیو کال کر سکتے ہیں اور موسیقی سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں ، ٹیلی ویژن اسکرینوں پر چلائی جانے والی ویڈیوز سے انہیں خوشی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کارکنوں کو کام کے مصروف دنوں میں بھی اپنے پیاروں سے رابطہ کرنے کا وقت ملے گا ، پہلے مرحلے میں کمپنی نے ہائی ٹیک خصوصیات کے ساتھ کارکنوں کے لیے چھ نئی ایئر کنڈیشنڈ بسیں تیار کی ہیں، کمپنی کارکنوں کو سفر کے دوران پڑھنے کے لیے کتابیں پیش کرنے کی تجویز پر بھی غور کرے گی ، کمپنی کے تقریباً 5,000 ملازمین ہیں، 2025 تک انہیں تمام ایسی بسوں میں شامل کر دے گی اور کمپنی کارکنوں کے لیے ایسی تقریباً 200 بسیں استعمال کرے گی۔