ڈاکٹر فاروق ستار سے انکی رہائش گاہ پر مہاجر قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات

ملاقات میں ملک اور بالخصوص کراچی کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی گئی

منگل 4 جنوری 2022 23:14

ڈاکٹر فاروق ستار سے انکی رہائش گاہ پر مہاجر قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2022ء) سربراہ تنظیم(ایم کیو ایم پاکستان)بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار سے انکی رہائش گاہ پرمنگل کو مہاجر قومی موومنٹ کے وائس چیئرمین شاہد فراز کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک اور کراچی کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی گئی، فاروق ستار و اراکین او آر سی نے مہاجر قومی موومنٹ کے وفد کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فاروق ستارنے کہاکہ پاکستان کے 98 فیصد مظلوم اور بے بس عوام میں اگر کوئی طبقہ سب سے زیادہ مظلوم یا مظلوم ترین ہے، سب سے زیادہ ستایا ہوا ہے، یا دیوار سے لگایا ہوا ہے، تو وہ پاکستان بنانے والے اور انکی موجودہ نسل ہے، ہم سب کو ایک وسیع تر مفاہمت، اور وسیع البنیاد، اشتراک عمل، قائم کرنا ہوگا، تمام مظلوموں اور بالخصوص مہاجروں کو مایوسی سے نکال کر امید کی طرف لانا ہوگا، اور سندھ کے شہروں بالخصوص کراچی کو کثیرالجہتی بحران اور مسائل کے انبار سے نکالنے کے لئے ایک اجتماعی سوچ، اجتماعی دانش، اور اجتماعی فیصلے کرنے ہوں گے، اور اجتماعی ذمہ داری کو محسوس کرنا ہوگا، اس موقع پر سینئر رکن او آر سی، سید شاہد پاشا، اسلم بھٹو، ایس ایم تنویر، انچارج کراچی ڈویژن کامران فاروق، جوائنٹ قمر صدیقی، رکن زاکر حسین، انجم علیم، عاصم اعزاز، نوید مقدس، موجود تھی.