ریکوڈک سمیت تمام وسائل پربلوچستان کے لوگوں کاحق ہے ،عبدالقدوس بزنجو

وسائل کے غلط استعمال کی اجازت کسی کو نہیں دینگے ،سی پیک سمیت دیگر اہم مسائل پرکسی کو ایوان کو اعتماد میں لینے کی توفیق نہیں ہوئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 5 جنوری 2022 23:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ ریکوڈک سمیت تمام وسائل پربلوچستان کے لوگوں کاحق ہے وسائل کے غلط استعمال کی اجازت کسی کو نہیں دینگے ،سی پیک سمیت دیگر اہم مسائل پرکسی کو ایوان کو اعتماد میں لینے کی توفیق نہیں ہوئی ہم نے بی این پی ،اے این پی ،پشتونخوامیپ سمیت تمام دیگر جماعتوں کے ارکان کو ان کیمرہ بریفنگ دی،بلوچستان کے وسائل یہاں کے باسیوں کیلئے استعمال ہونگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہوراحمدبلیدی ودیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت بنانے میں سپورٹ نہیں کیا بلوچستان کے تمام نمائندوں کو ریکوڈک سے متعلق بریفنگ دیدی ۔

(جاری ہے)

پہلے والی صورتحال اور بعد والی صورتحال واضح کردی یہاں قوم پرست جماعتوں کی حکومت بھی آئی ہے ایسے مسائل پر کسی نے ہائوس کو کوئی ان کیمرہ بریفنگ نہیں دیا کوئی بھی چیز نہیں چھپایا اسمبلی میں بی این پی ،پشتونخوامیپ ،اے این پی سمیت دیگر کے ارکان اسمبلی موجود تھے میں نے خود ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کو 2مرتبہ فون کیا نواب اسلم رئیسانی نہیں آئے تھے ہم اس کے گھر گئے اور انہیں تفصیل سے آگاہ کیا یہ بلوچستان کے وسائل ہیں جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور نہ ہی بلوچستان کے وسائل کے غلط استعمال کی اجازت دی جائے گی ۔