حکومت نے ریکوڈک سمیت کوئی بھی معاملہ پوشید ہ نہیں رکھا ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے عوام کیلئے استعمال ہونگے نا کسی کو انکا غلط استعمال اور نہ ہی چھپانے دینگے،بی این پی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ساتھ نہیں دیاتھا، صوبے میں برفباری اور بارشوں کے دوران کوئی بھی سڑک آدھے گھنٹے سے زائد بند نہیں ہوئی ، گوادر کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے ، تربت، گوادر میں بارش کا پانی نکالنے کا کام جاری ہے، حکومت کے پاس اپنے وسائل موجود ہیں فی الحال وفاق سے مدد طلب نہیں کی، زیارت میں سیاحوں کیلئے تمام سرکاری ریسٹ ہائوسز کھول دئیے ہیں ہوٹل مالکان کو 2ہزار سے زائد کرایہ نہ لینے کا پابند کیا گیا ہے، میر عبدالقدوس بزنجو

بدھ 5 جنوری 2022 23:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت نے ریکوڈک سمیت کوئی بھی معاملہ پوشید ہ نہیں رکھا بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے عوام کے لئے استعمال ہونگے نا کسی کو انکا غلط استعمال اور نہ ہی چھپانے دیں گے،صوبے میں قوم پرست جماعتوں کی حکومتیں بھی رہی ہیں سی پیک سمیت کئی اہم معاملات آئے لیکن کسی حکومت نے ایوان کو ان کیمر ہ بریفننگ نہیں دی ایسا اقدام موجودہ حکومت نے پہلی با ر کیا ہے ،بی این پی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ساتھ نہیں دیاتھا، صوبے میں برفباری اور بارشوں کے دوران کوئی بھی سڑک آدھے گھنٹے سے زائد بند نہیں ہوئی ، گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے ، تربت، گوادر میں بارش کا پانی نکالنے کا کام جاری ہے، حکومت کے پاس اپنے وسائل موجود ہیں فی الحال وفاق سے مدد طلب نہیں کی، زیارت میں سیاحوں کے لئے تمام سرکاری ریسٹ ہائوسز کھول دئیے ہیں ہوٹل مالکان کو 2ہزار سے زائد کرایہ نہ لینے کا پابند کیا گیا ہے، یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پی ڈی ایم اے کے دفتر کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گوادر اور تربت میں پی ڈی ایم اے کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے گوادر،تربت سمیت بارش سے متاثرہ علاقوں میں پانی نکالنے کے پمپ پہنچا دئیے گئے ہیں جبکہ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں کوئی بھی سڑک آدھے گھنٹے سے زائد بند نہیں رہی انہوں نے کہاکہ جس ضلع میں جو بھی ضرورت ہوئی وہاں پہنچائی حتی کہ غلط خبریں بھی چلائی گئیں لیکن حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے انکی بھی تصدیق کی عوام سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے خبریں نہ پھیلائیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے جہاں تک ضرورت پڑی عوام کو ریلیف کا سامان پہنچایا جسکی وجہ سے صورتحال قابو میں ہے او راگر ضرورت پڑی تو مزید سامان بھی فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ ابھی تک پی ڈی ایم کے ویئر ہائوسز میں سامان موجود ہے فی الحال ہنگامی بنیادوں پر کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے اگر ضرورت ہوئی تو چیف سیکرٹری کو ہدایت کردی ہے کہ وہ ضروری سامان مہیا کریں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس مشینری موجود ہے توقع ہے کہ ہمیں کسی بھی قسم کی مشکل درپیش نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ بارشوں سے نقصانات کی تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں زیارت سیاحتی مقام ہے وہاں پر ہوٹل اور ریسٹ ہائوسز میں زائد کرایہ لینے کا نوٹس لیا لیکن اس طرح صورتحال نہیں تھی حکومت نے سیاحوں کی سہولت کے لئے تمام سرکاری ریسٹ ہائوس کھول دئیے ہیں اور ہوٹل ،ریسٹ ہائوس مالکان کو پابند کیا ہے کہ وہ2ہزار زائد کرایہ نہ لیں انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے پانی نکالنے کا کام کر رہی ہے جس کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائیگا گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے اور حکومتی مشینری متحرک کردی گئی ہے تاکہ ریلیف کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ صوبے میں چیزیں بہتر ہوتی نظر آرہی ہیں بروقت ریلیف آپریشن سے عوام کی مشکلات میں کمی ہوئی ہے ہرنائی میں بھی زلزلہ متاثرین کو چیک تقسیم کئے گئے املاک کے نقصانات کا تخمینہ لگانے میں وقت لگتا ہے لیکن انسانی جانوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاتا انہوں نے کہا کہ ابھی تک صورتحال صوبے کے قابو میں ہے اگر ضرورت پڑی تو وفاق سے رابطہ کیا جائیگا، میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بی این پی نے حکومت بنانے میں ہمارا ساتھ نہیں دیا ہمارے لئے سب محترم ہیں ان کیمرہ بریفننگ میں حکومت نے کچھ نہیں چھپایا تمام صورتحال منتخب نمائندوں کے سامنے رکھی صوبے میں قوم پرست جماعتوں کی حکومتیں بھی رہی ہیں سی پیک سمیت کئی اہم معاملات آئے لیکن کسی حکومت نے ایوان کو ان کیمر ہ بریفننگ نہیں دی ایسا اقدام موجودہ حکومت نے پہلی با ر کیا ہے اجلاس میں پشتونخواء ملی عوامی پارٹی، بی این پی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام جماعتوں کے نمائندے موجود تھے نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو خود دو بار فون کیا کہ وہ وزیراعلیٰ رہے ہیں یہ اہم مسئلہ ہے انکی جماعت کی نمائندگی ایوان میں نہیں ہے لیکن وہ آئیں اور اپنی رائے کا اظہار کریں، نواب اسلم رئیسانی کے گھر جاکر انہیں صورتحال سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوئی بھی معاملہ پوشید ہ نہیں رکھا بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے عوام کے لئے استعمال ہونگے نا کسی کو انکا غلط استعمال اور نہ ہیں چھپانے دیں گے