نیب افسران نے توہین عدالت کیس میں احاطہ عدالت سے ملزم کی گرفتاری پر سپریم کورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی

نیب افسران کی جانب سے معافی مانگنے پر نیب افسران کے خلاف توہین عدالت کیس ختم کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 6 جنوری 2022 12:51

نیب افسران نے توہین عدالت کیس میں احاطہ عدالت سے ملزم کی گرفتاری پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2022ء) : سپریم کورٹ نے تحریری معافی پر نیب افسران کے خلاف توہین عدالت کیس ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب افسران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب افسران نے احاطہ عدالت سے ملزم کی گرفتاری پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ احاطہ عدالت کی بے توقیری پر افسران کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔

نیب وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان غیر مشروط معافی مانگتے ہیں، آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ نے تحریری معافی پر نیب افسران کیخلاف توہین عدالت کیس ختم کردیا۔ یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مضاربہ اسکینڈل میں ملوث نجی کمپنی کے مالک سیف الرحمٰن کو سپریم کورٹ سے گرفتار کرلیا تھا جس پر عدالت نے نوٹس لیا تھا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں مضاربہ اسکینڈل کے ملزم سیف الرحمٰن خان عدالت میں پیش ہونے کے لیے آئے تو نیب نے ان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کیا۔

جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے نیب سے گرفتاری پر وضاحت طلب کرتے ہوئے ملزم سیف الرحمٰن خان کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ ملزم سیف الرحمٰن کی طرف سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میرا موکل ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے عدالت کو سرنڈر کرنے آ رہا تھا۔ ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے بتایا کہ نیب کی گاڑی نے میرے معاون وکیل کی گاڑی کو بھی ہٹ کیا اور نیب حکام احاطہ عدالت سے میرے مؤکل کو گرفتار کرکے لے گئے۔ تاہم آج کی سماعت میں نیب افسران نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی جس کے بعد سپریم کورٹ نے تحریری معافی پر نیب افسران کے خلاف توہین عدالت کیس ختم کردیا۔