پشاور بی آر ٹی کے روٹ پر پرانی بسوں اور ویگنوں کے آمد و رفت پر پابندی عائد

مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی بندش سے بی آر ٹی بسوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 جنوری 2022 00:54

پشاور بی آر ٹی کے روٹ پر پرانی بسوں اور ویگنوں کے آمد و رفت پر پابندی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 06 جنوری 2022ء) پشاور بی آر ٹی کے روٹ پر پرانی بسوں اور ویگنوں کے آمد و رفت پر پابندی عائد، مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی بندش سے بی آر ٹی بسوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے 20 جنوری کے بعد بی آر ٹی کے روٹ پر پرانی بسوں اور ویگنوں کے آمد ورفت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بی آر ٹی روٹس پر چلنے والی بیشتر گاڑیوں کے مالکان نے اپنی گاڑیوں کے تلف کرنے کیلئے رجسٹریشن نہیں کی جس پر بی آر ٹی انتظامیہ کی جانب سے آخری بار نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، آخری نوٹس کے مطابق کہ فوری طور پر اپنا اندراج نہ کرانے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لوک ویگنوں اور بسوں کی بندش سے بی آر ٹی پر سفر کرنے والوں مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ حال ہی میں جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بی آر ٹی پشاور نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کر دیے، 16 ماہ کے دوران بی آر ٹی بسوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی کل تعداد 5 کروڑ سے تجاوز کر گئی، یومیہ مسافروں کی تعداد بھی 2 لاکھ سے زائد رہنے لگی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختوںخواہ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات محمد علی سیف نے بی آر ٹی کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ بی آر ٹی منصوبے کو شروع ہوئے 1 سال 4 مہینے ہوگئے ہیں۔

اس منصوبے کی بدولت عوام کو سستا،ماحول دوست اورآرام دہ سفر فراہم کیا جارہا ہے۔ رواں سال 10 لاکھ شہریوں میں زو کارڈ تقسیم کئے گئے، خواتین کی سفری شرح بی آر ٹی بسوں کیوجہ سے 2 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد ہوگئی۔ محمد علی سیف کے مطابق بی آر ٹی ایکسپریس روٹ میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔2 لاکھ 20 ہزار افراد یومیہ ان بسوں میں سفر کر رہے ہیں جبکہ 360 جدید سائیکلز سے بھی طلبہ مستفید ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بی آر ٹی پشاور کو بین الاقوامی سطح پر پائیدار ٹرانسپورٹ ایوارڈ کیلئے اعزازی تذکرہ کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس میں بتایا گیا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کا پہلا ٹرانزٹ منصوبہ پشاور بی آر ٹی اہم اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ "خیبرپختونخواہ حکومت کو خاص کریڈٹ دینا چاہتا ہوں جن کی خصوصی محنت کے باعث پشاور بی آر ٹی کو عالمی سطح پر بہترین پائیدار ٹرانسپورٹ ایوارڈ کے لئے مینشن کیا گیا ہے۔

پشاور بی آر ٹی نے ایک جدید نظام کے ذریعے لوگوں کی آمدورفت کے لئے بہترین سہولیات فراہم کی ہے۔ جبکہ دوسری جانب منصوبے کیلئے فنڈز فراہم کرنے والے ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی اس اہم اعزاز کے حصول پر پشاور بی آر ٹی کی خصوصی تعریف کی ہے۔ واضح رہے کہ پشاور بی آر ٹی منصوبہ گزشتہ برس اگست میں آپریشنل کیا گیاتھا۔ صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ پشاور بی آر ٹی کی سروسز کامیابی سے جاری ہیں، جلد ہی پشاور بی آر ٹی بسوں پر یومیہ سفر کرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔