بالی وڈ کے تینوں خانز کا دور اپنے اختتام کو پہنچ چکا

باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق بالی وڈ کے تینوں خانز اب بھی انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں

جمعہ 7 جنوری 2022 12:15

بالی وڈ کے تینوں خانز کا دور اپنے اختتام کو پہنچ چکا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2022ء) بالی وڈ کے خود ساختہ فلمی ناقد کمال آر خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے تینوں خانز کا دور اب اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا لیکن بالی وڈ کے تینوں خانز (شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان) اب بھی انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں اور اس بات کا اندازہ باکس آفس کے اعداد و شمار سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کمال خان نے اپنے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بالی وڈ کے تینوں خانز کا دور ختم ہوگیا، ان تینوں میں حد سے زیادہ گھمنڈ اور حسد ہے جس کا اب انہیں سامنا کرنا پڑے گا۔فلمی ناقد نے کہاوقت کسی کا نہیں ہوتا، وہ آتا ہے اور چلا جاتا ہے، مغل اور برطانیہ بھی اپنی حکمرانی ہندوستان میں برقرار نہیں رکھ سکے، اسی طرح تینوں خانز کا دور بھی اب ختم ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

کمال خان نے مزید کہا کہ اسلام بھی کہتا ہے کہ گھمنڈ اور حسد دو ایسی چیزیں ہیں جو انسان کی تباہی کا باعث بنتی ہیں، یہ دونوں چیزیں ان تینوں خانز میں کثرت سے پائی جاتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی تباہ چکے۔گزشتہ روز فلمی ناقد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں سلمان خان کا کیریئر ختم کر دوں گا اور تب تک نہیں رکوں گا جب تک یہ سپر اسٹار بالکل صفر نہیں ہو جاتا۔