پنجاب کابینہ میں ایک اور رکن کا اضافہ

حامد یار ہراج نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھا لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 جنوری 2022 13:40

پنجاب کابینہ میں ایک اور رکن کا اضافہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2022ء) : وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کابینہ میں توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں ایک اور رکن کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حامد یار ہراج نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھا لیا۔ حامد یار ہراج کی تقریب حلف برداری بھی ہوئی، اس تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی شرکت کی جبکہ وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر بلدیات میاں محمود الرشید، صوبائی آبپاشی سردار محسن لغاری بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں حامد یار ہراج نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے حامد یار ہراج سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔ مسلم لیگ (ضیاالحق ) کے سربراہ اعجاز الحق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم، چئیرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ فضیل آصف، اور دیگر اراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے حامد یار ہراج کو صوبائی وزیر بننے پر مبارکباد دی، حامد یار ہراج کو محکمہ خوراک کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کابینہ میں توسیع کی منظوری دی تھی۔ واضح رہے کہ ایم پی اے حامد یار ہراج خانیوال سے تعلق رکھتے ہیں۔ خانیوال سے ہراج خاندان شروع سے قومی سیاست میں اہم کردار ادا کرتا چلا آیا ہے۔ سردار حامد یار ہراج کے والدسردار اللہ یار ہراج نے 1993ء کے الیکشن میں جونیجو گروپ کی طرف سے حصہ لیا تھا اور اور این اے 157 پر قومی اسمبلی کا الیکشن جیت کر ایم این اے بنے تھے۔ ان کے بھائی سابق ضلع ناظم خانیوال سردار احمد یار ہراج وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئر مین ہیں۔