کوئٹہ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی کابینہ کا پہلا تعارفی اور باضابطہ اجلاس

مختلف ایجنڈے، تنطیمی امور اور سیاسی حالات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی

ہفتہ 8 جنوری 2022 00:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2022ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی کابینہ کا پہلا تعارفی اور باضابطہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں زیر صدارت ضلعی صدر و ممبر سنٹرل کمیٹی غلام نبی مری منعقد ہوا جس میں ضلعی جنرل سیکرٹری و ممبر سنٹرل کمیٹی جمال لانگو، ضلعی نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈوکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ ، لیبر سیکرٹری عطااللہ کاکڑ، خواتین سیکرٹری منورہ سلطانہ سمالانی،کسان و ماہی گیر سیکرٹری ملک ابراہیم شاہوانی، پروفیشنل سیکرٹری میر مصطفی سمالانی اور ہیومن رائٹس سیکرٹری پرنس عبدالرزاق بلوچ نے اپنے تعارف کے ساتھ ساتھ اجلاس کے مختلف ایجنڈے، تنطیمی امور اور سیاسی حالات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یونٹوں کو فعال رکھنے کے لئے رابطہ مہم کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا جس کے لئے جلد ہی یونٹوں کے دورے کا شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔ عوام کے سماجی مسائل کے حل کے لئے ریلیف کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ اس کے لئے مرکزی دفتر میں ہر روز ضلعی کابینہ کے دو ممبر باقاعدگی سے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ دوبارہ یونٹ سازی کا آغاز کیا جائے گا اور جو دوست یونٹ بنانا چاہے وہ ضلعی کابینہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ضلعی صدر غلام نبی مری نے بی این پی کے یونٹ سیکرٹری قاضی نعمت اللہ نچاری کے اغوا نما گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ناروا عمل کی مذمت کی اور اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 10 جنوری کو بروز پیر دو بجے پریس کلب کے سامنے قاضی نعمت اللہ کو اٹھانے کے ظالمانہ اور جابرانہ اقدام کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جمال لانگو نے کہا کہ ہم کسی بھی حالت میں پارٹی دوستوں اور ممبروں کو تنہا نہیں چھوڑ یں گے۔

پارٹی ورکروں کی اغوا نما گرفتاری ناقابل برداشت عمل ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد ہماری پارٹی کے منشور میں سرفہرست ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 19 جنوری بروز بدھ پریس کلب کوئٹہ میں بزرگ سیاسی راہنما عبدالعلی کاکڑ کی برسی منائی جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بی این پی کوئٹہ شہر میں تمام قومیتوں کی ہر دلعزیز اور نمائندہ جماعت ہے جو ہر طبقہ کے حقوق کی بات کرتی ہے۔

آخر میں یہ عہد کیا گیا کہ ہم اس پارٹی کو مزید فعال، مضبوط اور متحرک بنائیں گے اور تنظیم کاری کو جدید سائنسی خطوط اور ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کریں گے اور عوام کے حقوق کو ان کے گھروں کی دہلیز تک پہنچانے، ہر شہری کے عزت نفس کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔سردار اختر جان مینگل کی مدبرانہ، غیر متزلزل اور ناقابل شکست قیادت میں بلوچستان کے تمام اقوام، طبقات، محکوم و مظلوم عوام اور کچلے ہوئے انسانوں کے حقوق کی دفاع کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یہ پارٹی قربانی کی علامت ہے ہم متحد و منظم ہو کر بلوچستان کو سیاسی بحران اور معاشی و سماجی بدحالی سے نکالنے میں بھرپور کردار ادا کریں گی