دو بہنوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا ڈراپ سین

بھتیجے نے چور کہنے پر دو سگی پھوپھیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے بعد گھر میںآگ لگا دی تھی

ہفتہ 8 جنوری 2022 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2022ء) گرین ٹائون کے علاقے میں گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں دو خواتین کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا ڈراپ سین ہو گیا ، بھتیجے نے چور کہنے پر دو سگی پھوپھیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے بعد گھر میںآگ لگا دی تھی۔پولیس کے مطابق چند روز قبل گرین ٹائون کے علاقے ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جب پولیس گھر پہنچی تو دو معمر خواتین درشہوار اور ناہید انجم کی جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق خواتین کے بھائی یوسف کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ایس ایچ او گرین ٹائون پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے سائینٹفک بنیادوں پر تفتیش کے بعد ملزم احمد کمال کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملزم احمد کمال مقتولین کا سگا بھتیجا ہے اور اس نے کچھ عرصہ قبل پھوپھیوں کے گھر سے 50تولہ سونا اور 6لاکھ روپے چوری کیے تھے۔

جب ملزم کی پھپھیوں کو اس کا پتہ چلا تو خاندان والوں نے ان کی آپس میں صلح کروا دی۔ملزم احمد کمال نے چوری شدہ مال ان کو واپس کر دیا تھا۔ملزم احمد کمال کے مطابق جب بھی وہ اپنی پھپھیوں کے گھر جاتا تو وہ اسے چور کہہ کر پکارتی تھیں اور اسی رنجش پر اس نے پہلے گھر میں گھس کر انہیںتیز دھار آلے سے قتل کیااور بعد ازاں حادثاتی موت بنانے کے لیے ان کو آگ لگا کر جلا دیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو آلہ قتل قینچی سمیت گرفتار کر لیا گیاہے۔