خطرناک کار لفٹرز کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ

انتہائی مطلوب ملزمان کے سروں پر انعام رکھنے کے لیے اعلیٰ حکام کو خط ارسال کردیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 10 جنوری 2022 11:05

کراچی (اُردو پوائںٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2022ء) : پولیس کو انتہائی خطرناک مفرور اور مطلوب کار لفٹرز کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی نے انتہائی مطلوب ملزمان کے سروں پر انعام رکھنے کیلئے اعلیٰ حکام کو خط ارسال کردیا ہے۔ خط کے متن میں 9 ملزمان کے سروں کی مجموعی قیمت 6 کروڑ 40 لاکھ روپے رکھنے کی درخواست کی گئی ہے، ملزم غلام یاسین بھائیو کے سر کی قیمت1کروڑ روپے رکھے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ خط ایس ایس پی بشیر بروہی کی جانب سے آئی جی سندھ کو لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان عمران بھائیو،کاشف ابڑو عرف انورعلی، اکبرعلی بھائیو اور نذیر بھائیو کے سروں کی قیمت بھی ایک ،ایک کروڑ روپے رکھی جائے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خط میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ ملزم مجاہد جمال میرانی کے سر پر 50 لاکھ روپے کا انعام جبکہ محمد خان ملاح، ممتاز بھائیو، حکیم بگٹی کے سروں پر فی کس 30 لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا جائے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے ذرائع کے مطابق ایس ایس پی بشیر بروہی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام ملزمان انتہائی خطرناک، اشتہاری اورعادی جرائم پیشہ ہیں، ہر ملزم کے خلاف درجنوں مقدمات ہیں، کار لفٹرز گینگز کئی سالوں سے نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی انتہائی مطلوب ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کی جاتی رہی ہیں ، حال ہی میں انتہائی مطلوب گینگ وار کے ممبرز کے سروں کی قیمت بھی مقرر کی گئی تھیں۔

قبل ازیں گذشتہ ہفتے جرائم میں ملوث سندھ کے 85 ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی صوبائی کمیٹی نے سفارشات محکمۂ داخلہ سندھ کو بھجوا دی ہیں۔ ان سفارشات میں شکارپور کے 61، شہید بے نظیر آباد کے 17 جبکہ سی آئی اے کراچی کے نامزد کردہ 7 ملزمان کے کیسز اسکروٹنی میں شامل کیے گئے ہیں۔ اسکروٹنی کے دوران لسٹ میں شامل 85 کیسز کی منظوری دی گئی تھی۔