سندر شریف‘ بھائی کوٹ گاؤں میں پچھلے چار روز سے گیس بند،علاقہ مکین پریشان

گیس بند ہونے کی وجہ سے کھانا پکانے میں سخت دشواری کا سامنا ہے علاقہ مکین سراپا احتجاج

پیر 10 جنوری 2022 12:05

مانگا منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2022ء) سندر کے نواحی علاقے میں بڑھتی ہوئی سردی کے دوران گیس بحران مزید شدت اختیار کرنے لگا ہے سندر رائیونڈ روڈ بھائی کوٹ گاؤں میں گزشتہ چار روز سے گیس کی مسلسل بندش سے لوگوں کا پارا ہائی ہوتا جارہا ہے کئی علاقوں میں مسلسل گیس کی فراہمی کاسلسلہ بند ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے اور شدید سردی میں بھی ان کا پارا اپنی آخری حدوں کو چھونے لگا ہے دوسری جانب محکمہ سوئی گیس کی ہٹ دھرمی کے باعث پچھلے چار روز سے گاؤں بھائی کوٹ کی گیس بند ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گیس بحران کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامناہے اور دفتر جانیوالے افراد بغیر ناشتہ گھر سے جانے پر مجبور ہوچکے ہیں جبکہ صورتحال کے پیش نظر ایل پی جی اور لکڑیوں کے ریٹس مزید بڑھ گئے ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

گیس بندش بحران کے پیش نظر بھائی کوٹ میں سوئی گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ احکام بالا بھائی کوٹ میں بند گیس کو فوری بحال کرے تاکہ شہری سکھ سے زندگی بسر کر سکیں ۔