لاہور، فائرنگ سے کار سوار میاں بیوی جاں بحق ،بیٹا زخمی

کار میں سوار مقتولین کی بیٹی نے بھاگ کر اپنی جان بچائی

منگل 11 جنوری 2022 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2022ء) تھانہ کاہنہ اور سی آئی اے آفس کے بالمقابل فائرنگ کے نتیجہ میں کار سوار میاں بیوی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کا بیٹا گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، کار میں سوار مقتولین کی بیٹی نے فائرنگ کے وقت کار سے بھاگ کر اپنی جان بچائی، زخمی کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فائرنگ کی آواز سننے کے باوجود تھانہ کاہنہ کے پولیس اہلکاروں نے واقعہ کو نظر انداز کر دیا، تاہم واقعہ کے بعد پولیس روایتی کارروائی کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت پیشی پر جانے والے میاں بیوی کو تھانہ کاہنہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروںنے فائرنگ کر کے قتل کردیا جبکہ گولیاںلگنے سے بیٹا شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ۔

(جاری ہے)

بتایاگیاہے کہ سلامت نامی شخص اپنے بیوی زبیدہ اور بیٹے عاطف کے ہمراہ عدالت پیشی کیلئے جارہا تھا کہ تھانہ کاہنہ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروںنے کار پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں سلامت اور اس کی اہلیہ زبیدہ موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے اور بیٹا عاطف جان بچانے کیلئے گاڑی سے نکل کر قریبی دکان میں چھپ گیا اور دکان کا شٹر نیچے گرا لیا لیکن حملہ آوراس کا تعاقب کر تے ہوئے دکان پر پہنچ گئے دونوں حملہ آوروں نے دکان کا شٹر کھول کر مقتولین کے بیٹے پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ کار ہی میں سوار مقتولین کی بیٹی نے کار سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قتل ہونے والے دونوں میاں بیوی بیٹی کو کالج چھوڑنے کے بعد پیشی کے لئے عدالت پہنچنا چاہتے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ، فرانزک ماہرین اورریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔زخمی ہونے والے نوجوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشو ں کو پوسمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا ۔ پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ دیرینہ دشمنی کی بنا پر پیش آیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کارروائی کا حکم دے دیا۔