کراچی ، متعصب پیپلزپارٹی کی گورنمنٹ کے ہر دور میں کراچی محرومیوں اور زیادتیوں کا شکار رہا ہے، کنورنوید جمیل

منگل 11 جنوری 2022 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2022ء) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر ڈپٹی کنوینر و رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعصب پیپلزپارٹی کی گورنمنٹ کے ہر دور میں کراچی محرومیوں اور زیادتیوں کا شکار رہا ہے، پیپلزپارٹی کراچی کے لوگوں کا دل جیتنے کے بجائے ہمیشہ سازشیں کرکے قبضہ کرنے کی کوشش کرتی ہے مگر پیپلز پارٹی کا کراچی پر قبضے کا خواب آج تک پورا نہ ہوسکا۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ حکومت نے حلقہ بندیاں اپنی سیاسی مفادات کے لئے کی ہیں کہیں کم آبادی کو ٹاون بنا دیا گیا ہے توکہیں پر ایسا بھی ہوا ہے کہ زیادہ آبادی کو یو سی بنا دیا گیا مختلف جگہوں پر آبادی کا اتنا فرق اپنے سیاسی مفادات کو مد نظر رکھا کر کیا گیا ہے، سائیٹ ٹاون کا نام بدل کر ایک گوٹھ کے نام پر رکھ کر پیپلز پارٹی نے اپنے لسانی ہونے کا خود ثبوت دیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹاؤنز اوریونین کاؤنسلز کی آبادی قانون کے تحت برابری کی بنیاد پر ہونی چاہئے تھی مگر پیپلز پارٹی نے سراسر لسانی اور سیاسی بنیادوں پر ٹاون اور یوسیز کی حلقہ بندیاں کی ہیں۔کنور نوید جمیل نے مزید کہا کہ ہم اس حوالے سے ہر سطح پر نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کو روکیں گے ہم عدالت میں بھی درخواست دائر کریں گے پیپلزپارٹی کی متعصب حکومت نے کراچی کے لوگوں کو انکی محبت کا صلہ نفرت اور زیادتیوں سے دیا انہی زیادتیوں کی وجہ سے کراچی کے عوام آج علیحدہ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ ماضی میں کراچی کے لوگوں نے جنرل یحییٰ خان کی حکومت میں نئے صوبے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔ اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی زاہد منصوری، حق پرست رکن صوبائی اسمبلی حمید الظفر و دیگر بھی موجود تھی