جماعت اسلامی قوم کو شعور دے رہی ہے تاکہ حکمران لوٹ مار کے بجائے عوام کی خدمت کو ترجیح دے : زاہد اختر بلوچ

مہنگائی بے روزگاری اورحکمرانوں کی بے حسی ،ہر سطح پر لوٹ مارکی وجہ سے بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات ،انسانی حقوق کیلئے ترس رہے ہیں: نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان

منگل 11 جنوری 2022 23:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2022ء) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان زاہدا ختربلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی قوم کو شعور دے رہی ہے تاکہ حکمران لوٹ مار کے بجائے عوام کی خدمت کو ترجیح دے مہنگائی بے روزگاری اورحکمرانوں کی بے حسی ،ہر سطح پر لوٹ مارکی وجہ سے بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات ،انسانی حقوق کیلئے ترس رہے ہیں بلوچستان کے جگر گوشے لاپتہ،وسائل پر لٹیرے قابض جبکہ عوام بدحال پریشان بے روزگاراور غربت کے مارے ہوئے ہیں ۔

جماعت اسلامی نے حق دوتحریک کو منظم وفعال کرتے ہوئے عوام کو حقوق کے حصول کیلئے تیار کیا ہے ۔انشاء اللہ حق دو تحریک فعال ہوگی عوام کو حقوق میسرہوگا ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوان محب وطن ہیں باشعور اور اگر سہولیات فراہم کیا جائے توملک وقوم کانام روشن کر سکتے ہیں حکمرانوں نے اہل بلوچستان بلخصوص نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے اہل پڑھے لکھے نوجوان آج بھی ڈگریاں ہاتھوں میں لیے بے روزگارہیں ۔روزگار برائے فروخت اور بلوچستان کے نوجوانوں کی اسامیوں پر غیر تعینات ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے نوجوان مایوس احساس محرومی کاشکار اورغم وغصے کا شکارہوئے ہیں حکمرانوں کو بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار ہر صورت دینا ہوگا ۔لاپتہ افراد کو بازیاب اور سیندک ،ریکوڈک اوسی پیک کے ثمرات دینے ہوںگے ۔

مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ پٹرول کی بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باوجود تاحال ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی۔ آئے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ غربت کے خاتمے اور غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوںمیں کمی کریں۔

بلوچستان کے عوام کو اعلانات ،پیکیجزوخیرات نہیں بنیادی آئینی حقوق چاہیے اس وقت بلوچستان کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے بہترین اور آخری آپشن جماعت اسلامی ہے جو کہ تمام مسائل کا ادراک رکھنے کے ساتھ موثر حل اور پلان بھی رکھتی ہے۔ آئندہ الیکشن میں اہل بلوچستان بلخصوص نوجوان جماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہوئے آزمائیں گے پہلے جن کو بھی آزمایا انہوں نے عوام کومایوس کرتے ہوئے خود مالا مال ہوئے ہیں