غیرت کے نام پر وزیرستان سے تعلق رکھنے والا جوڑا قتل

فائرنگ سے ہلاک کی گئی خاتون کی لاش گھر کے اندر جبکہ مرد کی لاش باہر گلی میں پڑی تھی۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 جنوری 2022 12:40

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جنوری 2022ء) : کراچی کے علاقہ ملیر کے بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں نصیر آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ اس حوالے سے سینئیر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر نے بتایا کہ واقعہ بن قاسم کے علاقہ پیپری نصیر آباد میں آج صبح سویرے پیش آیا۔

قتل ہونے والے دونوں افراد کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ سے ہلاک کی گئی خاتون کی لاش گھر کے اندر جبکہ مرد کی لاش باہر گلی میں پڑی تھی۔ بن قاسم پولیس کے مطابق دونوں کو پستول سے گولی مار کر قتل کیا گیا ، ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد کے بارے میں بھی معلوم نہیں ہو سکا جو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ قریبی واقع کریانہ اسٹور کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے صبح سویرے چیخ و پکار اور فائرنگ کی آواز سنی۔ ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ریسکیو ورکرز نے جناح اسپتال منتقل کر دیں۔ مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ ولی الرحمٰن اور خاتون کی شناخت زاہدہ بی بی کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین قریبی عزیز تھے، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولہ کا شوہر مختار واردات میں ملوث ہے۔ ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی تھی جس کے پولیس نے جائے وقوعہ سے فائر شدہ 4 خول اور 3 راؤنڈ تحویل میں لیے ہیں۔ خیال رہے کہ غیرت کے نام پر قتل و غارت کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس نوعیت کے واقعات میں کمی لانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔