دو جوانوں کی ایک کپڑے میں لپٹی لاشیں ندی سے برآمد

باریش افراد کی لاشیں ایک ماہ پرانی ہیں،پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 12 جنوری 2022 13:04

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جنوری 2022ء) : گڈاپ کے علاقے میں ندی سے 2 باریش افراد کی لاشیں ملی ہیں۔د باریش افراد کی لاشیں ایک ماہ پرانی ہیں،پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب گڈاپ کے علاقے ناردرن بائی پاس کے قریب نیک محمد بروہی گوٹھ میں ندی سے دو افراد کی لاشیں ملیں۔ریسکیو حکام اور پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے۔

لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی عمریں تیس سے پینتیس برس کے درمیان معلوم ہوتی ہیں۔دونوں لاشیں ایک ماہ پرانی ہیں جب کہ دونوں باریش ہیں،فنگر پرنٹ کے ذریعے شناخت کی کوشش کی گئی لیکن لاشیں پرانی ہونے کے باعث فنگر پرنٹ کے زریعے شناخت نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں لاشوں کو ایک ہی کپڑے میں لپیٹ کر پھینکا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی این اے کے لیے بھی سیمپل لیبارٹری بھیجے جائیں گے جس کے بعد شناخت عمل ہو گا۔جب کہ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس کے بعداہم حقائق سامنے آئیں گے۔دوسری جانب جیکب آباد میںگھر سے گولیاں لگی لاش بر آمد ہوئی ہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ جیکب آباد کے ائیر پورٹ تھانہ کی حدود ڈرکھن محلہ کے ایک گھر سے سیف اللہ کھوسو کی گولیاں لگی لاش بر آمد ہو ئی ہے ایسی اطلاع پر پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کی ،اس سلسلے میں رابطے پر ایس ایچ او ائیر پورٹ یا ر محمد لاشاری نے رابطے پر بتایا کہ قتل کا شبہ ہے مزید رتفتیش کی جا رہی ہے .