Live Updates

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ اسپین باہمی تعاون کے فروغ اور ڈیول نیشنیلٹی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی

مجھے آپ کو یہاں میڈرڈ میں خوش آمدید کہنے پر خوشی ہے پاکستان و اسپین کے مشترکہ مفادات و تعلقات میں مضبوطی کا عمل جاری رہے گا۔ خوسے مینوئل الباریس  ہسپانوی وزیر خارجہ

Syed Sheraz سید شیراز بدھ 12 جنوری 2022 15:04

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ اسپین باہمی تعاون کے فروغ اور ڈیول ..
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2022ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ان دنوں اسپین کے انتہائی اہم سرکاری دورے پر ہیں۔ پاکستان اور یورپین ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین حالیہ افغان صورتحال کے بعد ملاقاتوں اور گفت و شنید کے سلسلے میں تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ حال ہی میں ہسپانوی وزیر خارجہ خوسے الباریس نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا تھا اور ان کی دعوت پر شاہ محمود قریشی نے اسپین کا دورہ کیا ہے۔


موجودہ حالات میں جہاں بین الاقوامی برادری کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے کے لیے یہ دورے نہایت اہم ہیں وہاں اسپین میں ایک لاکھ کے قریب رجسٹرڈ پاکستانیوں کے لیے بھی یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے جس میں دوہری شہریت کے معاملے پر بات چیت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)


اسپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون سمیت  دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے اور اقوام متحدہ کی اصلاحات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک کے نکتہ نظر میں مماثلت اور ہم آہنگی خوش آئند ہے۔

پاکستان اور اسپین کے مابین کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے سالانہ دوطرفہ مشاورت (ABC) کے موجودہ میکانزم کو مزید متحرک اور فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ 
دونوں وزرائے خارجہ کا رواں سال ABC کے پانچویں دور کے جلد انعقاد پر اتفاق۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ 220 ملین سے زائد صارفین کی وجہ سے پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ کا درجہ رکھتا ہے۔

ہسپانوی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں ، ٹیکسٹائل، ہاؤسنگ اور تعمیرات، فارماسیوٹیکل، قابل تجدید توانائی، زراعت اور کھیلوں کے سامان سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر ہیں۔ پاکستان یورپی یونین کے تناظر میں اسپین کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے۔ چوتھی بڑی معیشت ہونے کے ناطے اسپین کا یورپی یونین کی پالیسیوں میں اہم کردار ہے۔

1.3 بلین ڈالر سے زائد کی سالانہ دوطرفہ تجارت کے ساتھ، سپین کا شمار پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں ہوتا ہے۔

وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس کے معاملے پر یورپی یونین میں مسلسل حمایت پر ہسپانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دوران ملاقات، افغانستان سمیت علاقائی امن و امان کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے اسپین پر زور دیا کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے افغانستان کے عوام کو انسانی المیے سے بچانے اور فوری معاونت کی فراہمی کے لیے، اپنا موثر کردار کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم اور مضبوط افغانستان خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان، باہمی احترام، خود مختاری اور برابری کی بنیاد پر تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔


وزیر خارجہ نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو، بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اصل مسئلہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ہے جس کا منصفانہ حل علاقائی امن اور استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کو ہندوستان کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے، ہماری علاقائی امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا۔

 
وزیر خارجہ نے ہسپانوی ہم منصب کو پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری سے آگاہ کرتے ہوئے اسپین کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین میں مقیم ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد پاکستانی کمیونٹی، دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسپین میں مقیم پاکستانی شہریوں کو، دونوں ممالک کے درمیان دوہری شہریت کا معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے مقامی قانون کے مطابق پاکستانی شہریت ترک کرنا پڑتی ہے۔

وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ اسپین کی حکومت  پاکستانی نژاد ہسپانوی شہریوں کو درپیش اس مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ غورو خوص کرے گی
دوہری شہریت اور دیگر اہم موضوعات پر گفتگو کے لیے پاکستان تحریک انصاف اسپین کے صدر شیراز بھٹی نے وفد کے ہمراہ میڈرڈ میں وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور انہیں کمیونٹی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بارسلونا کے دورے کی دعوت دی جس پر وزیر خارجہ نے جلد بارسلونا آنے کا وعدہ کیا ہے۔


وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان سفارتکاروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بارسلونا میں ساڑھے تین برس بطور قونصل جنرل فرائض سرانجام دینے اور اب بطور سفیر عمان میں تعینات ہونے والے آفیسر عمران علی چوہدری کے کام کو سراہتے ہوئے ان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اس اعلی کارکردگی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات