اب پی ایس ایل کا گانا بنانا پیسے کا ضیاع : عاقب جاوید

رمیز راجا کی 4 ملکی سیریز کرانیکی تجویز اچھی، پاک بھارت باہمی سیریز یورپ یا امریکا میں کرانے کی طرف بڑھنا چاہیے:سابق فاسٹ بولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 جنوری 2022 12:23

اب پی ایس ایل کا گانا بنانا پیسے کا ضیاع : عاقب جاوید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جنوری 2022ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل کے ترانے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت نہیں ہے۔ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے آغاز میں ایونٹ کی تشہیر کے لیے ترانہ ضروری تھا لیکن اب پی ایس ایل میں لوگ بابراعظم، شاہین آفریدی سمیت کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، کرکٹرز سے بڑا کوئی سٹار نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ترانہ گزشتہ برس بنا اس سے کیا تشہیر ہوئی، اسی لیے میرے خیال میں ترانہ بنا کر پیسہ ضائع نہیں کرنا چاہیے، پی ایس ایل کا ایک ہی ترانہ رہنا چاہیے، ہم نے بھی کئی ترانے بنائے لیکن جو پہلے مقبول ہوا اس جیسا کوئی دوسرا مقبول نہیں ہوا، اس لیے جو ترانہ مقبول ہو اسے رہنے دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے رمیز راجا کی چار ملکی کرکٹ سیریز کرانے کی تجویز کو اچھا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین بننے کے بعد انہوں نے کئی اچھی چیزیں کی ہیں اور کئی اچھی تجاویز بھی دی ہیں، رمیز راجا نے ٹیم کو اعتماد دیا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سب نے دیکھا کہ ٹیم کتنا اچھا کھیلی،کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی بھی اچھی رہی ہے، رمیز راجہ نے ٹیم پر اعتماد کیا اوراس نے رسپانس اچھا کیا اور اب چیئرمین پراعتماد ہو کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان کو آپس میں کھیلنا چاہیے اور پاکستان میں بھی ٹیمیں آنی چاہیے، لیکن میرے خیال میں 4 ملکی سیریز سے بڑھ اب پاک بھارت میچز کی شروعات کرنی چاہیے، اس حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت باہمی سیریز یورپ یا امریکا میں کرانے کی طرف بڑھنا چاہیے۔