خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات؛ دوسرے مرحلے سے قبل کئی اضلاع کے ڈی سیز کو تبدیل کر دیا گیا

تبدیل کیے جانے والوں میں ٹانک، ایبٹ آباد، کوہستان (لوئر)، چترال (اپر)، مانسہرہ، کولائی پلاس، چترال (لوئر) اور دیر اپر کے ڈپٹی کمشنرز شامل ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 جنوری 2022 13:50

خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات؛ دوسرے مرحلے سے قبل کئی اضلاع کے ڈی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2022ء) : خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شرم ناک شکست کے بعد، صوبائی حکومت نے ایسے اضلاع میں تقریباً تمام ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کر دیا ہے جہاں دوسرے مرحلے میں الیکشن ہونا ہیں۔

قومی اخبار روزنامہ جنگ کے سینئیر صحافی انصار عباسی کے مطابق منگل 11 جنوری 2022ء کو خیبر پختونخوا اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کر دیا جن میں ٹانک، ایبٹ آباد، کوہستان (لوئر)، چترال (اپر)، مانسہرہ، کولائی پلاس، چترال (لوئر) اور دیر اپر کے ڈپٹی کمشنرز شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی سی ٹانک محمد کبیر آفریدی کو ہٹا کر ان کی جگہ ارشد قیوم برکی کو رکھا گیا ہے جبکہ ایبٹ آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان کی جگہ طارق سلیم کو لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انصار عباسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کوہستان لوئر کے ڈپٹی کمشنر سیف الاسلام کو ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے اور چیف منسٹر سیکریٹریٹ کے ڈپٹی سیکریٹری شکیل احمد کو ڈی سی کوہستان لوئر لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس کے علاوہ چترال اپر کے ڈی سی محمد علی کو ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ ان کی جگہ پر سی ایم سیکریٹریٹ کے ایک اور ڈپٹی سیکریٹری منظور آفریدی کو ڈی سی لگایا گیا۔

کولائی پلاس کے ڈی سی محمد طارق کو ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی جگہ محمد آصف کو نیا ڈی سی لگایا گیا ۔ ڈی سی مانسہرہ ڈاکٹر قاسم علی خان کو ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے جبکہ ان کی جگہ سی ایم سیکریٹریٹ کے ڈپٹی سیکریٹری عدنان خان بہتانی کو نیا ڈی سی مانسہرہ لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

ڈی سی چترال لوئر کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے جبکہ اے ڈی سی (جی) ملاکنڈ محمد انوار الحق کو نیا ڈی سی چترال لوئر لگایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیر اپر محمد شعیب کو ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ ان کی جگہ ایڈیشنل سیکریٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ اکمل خان کو لگایا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 27 مارچ کو اِن مذکورہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہو گی، ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کرنے کے سرکاری اقدامات پر کئی لوگوں نے تشویش کا اظہار بھی کیا جبکہ سرکاری سطح پر اس نوعیت کے اقدامات نے کئی سوالات بھی کھڑے کر دئے ہیں۔