یقین ہے ٹیسٹ سکواڈ پاکستان کا دورہ کرے گا :پیٹ کمنز

اگر کچھ کھلاڑی نہ جانے کا فیصلہ بھی کریں تب بھی اس میں کوئی بری بات نہیں،چیزیں مثبت نظر آرہی ہیں: آسٹریلین ٹیسٹ کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 جنوری 2022 14:13

یقین ہے ٹیسٹ سکواڈ پاکستان کا دورہ کرے گا :پیٹ کمنز
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جنوری 2022ء ) آسٹریلین ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کو یقین ہے کہ آسٹریلیا کے ٹیسٹ سکواڈ کی اکثریت پاکستان کا سفر کرے گی۔ آسٹریلین ٹیم کو مارچ/اپریل میں تمام فارمیٹ کی سیریز کے لیے 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور پیٹرک کمنز سمجھتے ہیں کہ ان کے کچھ ساتھی ٹور سے باہر ہو جائیں گے لیکن مجموعی طور پر چیزیں مثبت نظر آ رہی ہیں۔

اس ہفتے کے شروع میں آسٹریلوی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گزشتہ ماہ پاکستان کے ان کے سکیورٹی کلیئرنس کے دورے کے بارے میں بریفنگ دی گئی، حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ پیٹ کمنز نے پانچویں ایشز ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ ابھی بھی تھوڑا سا کام کرنا ہے لیکن اس مرحلے پر یہ سب واقعی مثبت نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) نے اس دورے کے لیے جتنا کام کیا ہے وہ لاجواب ہے، اب اس پر کام ہورہا ہے، میرے خیال میں اگر تمام کھلاڑی نہیں تو اکثریت تو پاکستان جائے گی ۔

(جاری ہے)

پیٹ کمنز کا مزید کہنا تھا کہ اگر کچھ کھلاڑیوں کو جانے نہ جانے کا فیصلہ بھی کرنا ہو تب بھی اس میں کوئی بری بات نہیں ہے ، ابھی بھی معلومات آرہی ہیں اور پانی پلوں کی نیچے سے مکمل طور پر نہیں بہہ گیا ہے ۔ واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی کھیلے گا۔