پشاور، خاتون کے مکان پر قبضہ کی کوشش ناکام، 6 ملزمان گرفتار کرلئے گئے

جمعرات 13 جنوری 2022 21:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2022ء) تھانہ تہکال پولیس نے راحت آباد میں خاتون کے مکان پر قبضہ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار تمام ملزمان شہر کے نواحی علا قہ وڈپگہ کے رہائشی ہیں جن کا تعلق منظم قبضہ گروپ سے ہے جو قیمتی اراضی و دیگر نجی املاک پر قبضہ میں ملوث ہیں، ملزمان تہکال بالا کے علاقہ راحت آباد میں ایک خاتون کے مکان پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس کو تہکال پولیس نے ناکام بناتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق تھانہ تہکال پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ تہکال بالا راحت آباد میں ایک خاتون کے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پر ایس ایچ او تھانہ تہکال انعام خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر مکان کا قبضہ واگزار کراتے ہوئے ملوث 6 ملزمان حسن علی شاہ، بلا ل حسین، ظہور خان، سعد عبداللہ، صابرین اور شاہ رخ خان کو گرفتار کر لیا، گرفتار تمام ملزمان پشاور کے نواحی علاقہ وڈپگہ کے رہائشی ہیں جن کا تعلق منظم قبضہ گروپ سے ہے جن کے قبضہ سے مکان کا قبضہ واگزار کراتے ہوئے ان کے خلاف مدعیہ مسما (ا) دختر طارق حسین کے مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔