مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

جمعرات 13 جنوری 2022 17:54

اسلام آباد۔13جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔13 جنوری2022ء) :قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 لاہور سے ضمنی الیکشن میں منتخب ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی رکن شائستہ پرویز ملک نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سپیکر اسد قیصر نے شائستہ پرویز ملک سے حلف وفاداری لیا۔ جمعرات کو  رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ وہ اس ایوان کے دونوں اطراف کے ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پرویز ملک کی وفات پر ان کی دلجوئی کی۔

(جاری ہے)

پرویز ملک نواز شریف کے مخلص اور دیرینہ ساتھی تھے۔ انہوں نے سیاست عبادت سمجھ کر کی، انہوں نے سیاست میں اعلیٰ اقدار اور مثالیں چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام نے مجھ پر اعتماد کیا یہ اعتماد میرے اوپر قرض اور اس کی ادائیگی فرض ہے۔ پاکستان کی بقا اور عوام کی بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کروں گی۔ اس حلقہ میں مسلم لیگ (ن) کا تمام سیاسی جماعتوں سے مقابلہ ہوا، یہاں ووٹ خریدے گئے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 133 میں ناجائز ہتھکنڈوں کی حوصلہ شکنی کے لئے تحقیقات کرائی جائیں۔ میرے خلاف جعلی ویڈیوز بنانے کی تحقیقات کرا کے اس میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔