غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 13 جنوری 2022 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2022ء) غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ۔مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میںکہاگیا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ کی بھرمار ہے۔غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ ٹریفک جام کی بڑی وجہ بن گئے۔

(جاری ہے)

لاہور کی اہم شاہراہوں اور مارکیٹوں میں غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ شہریوں کے لیے عذاب بن گئے ہیں۔ان میں میکلوڈ ,روڈ،سرکلر روڈ،گڑھی شاہو،ایجرٹن روڈ،داتا دربار،ہال روڈ،انارکل اورٹائون شپ وغیرہ شامل ہیں۔انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی ملی بھگت سے یہ غیر قانونی دھندہ پھل پھول رہا ہے۔غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ مافیا نے شہریوں کے حقوق غصب کر لیے ہیں۔منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ کو ختم کرنے کے لیے بھرپور ایکشن لے۔