بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی زندگیوںکو اجیرن بنادیا ہے ، فریدہ بہن جی

کشمیری عوام نہ صرف ڈٹ کر بھارتی مظالم کا مقابلہ کرہے ہیں بلکہ عالمی قوتوں پر بھی واضح کردیا وہ اپنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں، بیان

جمعہ 14 جنوری 2022 21:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء فریدہ بہن جی نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کیلئے محاصرے اورگھر گھر تلاشیوں کی کارروائیوں نے کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فریدہ بہن جی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میںنہتے کشمیریوں پربھارتی فوجیوں کے مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوںکی اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جاری جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارتی سامراج ظلم وتشدد، قتل عام اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوںکا وحشیانہ استعمال کررہاہے ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہاکہ وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے نہ صرف ڈٹ کر بھارتی مظالم کا مقابلہ کرہے ہیں بلکہ انہوں نے عالمی قوتوں پر بھی واضح کردیا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی قوتوںاور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ٹربیونل کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پورا خطہ ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بن گیا ہے جس سے پورے جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے ۔

فریدہ بہن جی نے نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کشمیری نظربندوں کی رہائی کی انسانی حقو ق کی بین الاقوامی تنظیموں کی اپیلوں پر عمل درآمد کرنے کی بجائے مقبوضہ علاقے میں روزانہ درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کرر ہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور انہیں ان کا یہ ناقابل تنسیخ حق دلوانے کیلئے اقوام عالم کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔