کراچی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ شدید علیل ،آغا خان ہسپتال داخل

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) ڈاکٹر عافیہ صدیقی و ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی کو شدید علالت کے باعث علاج کیلئے آغا خان اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز کی ہدایت پر انہیں ایڈمٹ کرلیا گیا۔ان کی طبیعت جمعہ کی شب سے ناساز تھی۔ ہفتہ کو صبح سویرے طبیعت زیادہ بگڑ جانے کے باعث انہیں فوری طورپر اسپتال لے جایا گیا ۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بتایا ہے کہ ان کی والدہ عصمت صدیقی اس وقت انتہائی نگہداشت کے وارڈ(ICU) میں زیرعلاج ہیں۔

(جاری ہے)

جہاں ان کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ، والدہ کو کرونا نہیں ہے، ان کا کووڈ ٹیسٹ منفی (Negative)آیا ہے۔ شدید بخار کی وجہ سے ان کو سانس لینے میں تکلیف ہورہی ہے اور گردوں کے پرانے مرض کی وجہ سے بھی وہ علیل رہتی ہیں۔

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی میں مسلسل تاخیر کے عمل کے باعث وہ ہر وقت گہرے صدمے کی کیفیت میں اپنی بیٹی کو یاد کرتی رہتی ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پوری پاکستانی قوم اور بیرون ملک ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ ان کی والدہ کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی طور پر دعائوں کا اہتمام کریں۔