کورونا امریکا کا سب سے طاقت ور دشمن ہے، صدر بائیڈن کا اعتراف

تمام شہری ویکسین لگوائیں ،بوسٹر ڈوز کا استعمال بھی کریں اورماسک پہنیں رکھیں،ٹوئٹرپر بیان

اتوار 16 جنوری 2022 16:30

کورونا امریکا کا سب سے طاقت ور دشمن ہے، صدر بائیڈن کا اعتراف
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہاہے کہ کورونا وائرس امریکا کے سب سے زیادہ طاقت ور دشمنوں میں سے ایک ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق جوبائیڈن نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ امریکا نے جن دشمنوں کا سامنا کیا ان میں سب سے زیادہ طاقت ور دشمن کووڈ 19 ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر آپس میں نہیں بلکہ کورونا کے خلاف لڑنا ہوگا۔

(جاری ہے)

امریکا کے صدر نے اپنے ٹوئٹ میں عوام کو ہدایت کی کہ وہ ویکسین لگوائیں، بوسٹر لگوائیں اور ماسک پہنے رکھیں۔امریکی حکام وبا کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اہم اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ نے شہریوں کی مفت میں کورونا ٹیسٹ کے لیے انتظامات کیے ہیں۔کورونا ٹیسٹنگ کے متعلقہ ادارے عوام کی جانب سے موصول ہونے والی فری کورونا ٹیسٹ کی درخواست پر مفت میں کووڈ19 ٹیسٹ کریں گے، حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔