آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں ملک کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی ،مذہبی پارٹیوں سے بات ہوگئی ہے ،مولانا حامد الحق حقانی

افغانستان کی نئی حکومت کو قیام کے سلسلے میں سیاسی،سفارتی،انتظامی اور مالی مشکلات درپیش ہیں،مولانا سمیع الحق شہید کی افغانستان بارے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں،ہمیشہ اسلامی نظام کے نفاذ، قیام امن کی کوشش کی ،امیر جے یو آئی(س)

اتوار 16 جنوری 2022 17:30

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) جمعیت علما اسلام کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے کہا آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں ملک کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی ،مذہبی پارٹیوں سے بات ہوگئی ہے اور قائدین نے اس اہم آل پارٹیز کانفرنس جو کہ (آج) 17جنوری 2022 اسلام آباد میں ہوگی ،شرکت کی حامی بھر لی ہے ،مولانا حقانی نے کہا کہ افغانستان کی نئی حکومت کو قیام کے سلسلے میں سیاسی،سفارتی،انتظامی اور مالی مشکلات درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

عالم اسلام بالخصوص اسلامیان پاکستان کے لئے افغان حکومت کی تائید، حمایت اور تعاون کا طریق کار اوراس کے لئے عملی اقدام قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ افغانستان کے عوام کو اس شدید سردی کے موسم میں معاشی مشکلات سے نکالنا بھی انسانی حقوق کا تقاضاہے، یہ کانفرنس انشاء اللہ افغانستان کی بہتری اور استحکام کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ مولانا سمیع الحق شہید کی افغانستان کے حوالے سے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں،انہوں نے ہمیشہ افغانستان میں اسلامی نظام کے نفاذ، قیام امن کی کوشش کی ہے۔