منی بجٹ ،100 روپے کے ری چارج پر موبائل صارفین کو 90روپے کی بجائے 86روپے کا بیلنس ملے گا

ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے بیلنس میں کٹوتی کے بارے میں صارفین کو آگاہ کرنے کے لیے ایس ایم ایس بھی ارسال

اتوار 16 جنوری 2022 18:20

منی بجٹ ،100 روپے کے ری چارج پر موبائل صارفین کو 90روپے کی بجائے 86روپے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) منی بجٹ کے بعد 100 روپے کے ری چارج پر موبائل صارفین کو 90روپے کی بجائے 86روپے کا بیلنس ملے گا ۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے ضمنی مالیاتی بل 2021 المعروف منی بجٹ کی منظوری دے کر اسے پارلیمنٹ کے ایکٹ میں تبدیل کردیا اور اس طرح عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اہم شرط پوری کردی گئی۔

منظوری سے متعدد اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹیز کے استثنیٰ کو واپس لیا گیا جس کے بعد ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے بیلنس ری چارج پر اضافی ٹیکس لینے کا اعلان کیا ہے۔اس وقت 100 روپے کے ری چارج پر اگر 90.3 روپے کا بیلنس ملتا ہے مگر اب ایسا نہیں ہوگا،اب صارفین کو ہر 100 روپے کے ری چارج پر 3.9 روپے کا اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا ہوگا،اس طرح اب ہر 100 روپے کے ری چارج پر 90.9 کی بجائے 86.96 روپے کا بیلنس ملے گا۔

(جاری ہے)

اس کا اطلاق تمام سروسز یعنی جاز، یوفون، ٹیلی نار اور زونگ کے صارفین پر ہوگا۔ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے بیلنس میں کٹوتی کے بارے میں صارفین کو آگاہ کرنے کے لیے ایس ایم ایس بھی ارسال کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ جولائی 2019 تک 100 روپے کے ری چارج پر 76.9 روپے کا بیلنس ملتا تھا مگر سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں نے آپریشنل اور سروسز فیس کی وصول روک دی تھی جس کے بعد صارفین کو 100 روپے کے ری چارج پر 90 روپے تک کا بیلنس ملنے لگا تھا۔واضح رہے کہ 14 جنوری کو قومی اسمبلی میں منی بجٹ اور اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کثرت رائے سے دی گئی تھی۔اس منی بجٹ کی منظوری سے حکومت کو ٹیکسوں کے نفاذ اور استثنیٰ واپس لینے پر اضافی 343 ارب روپے حاصل ہوں گے۔