Live Updates

عمران خان کو 27 فروی سے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا،بلاول بھٹو زرداری

بس اب بہت ہوگیا عوام اسلام آباد کے لئے نکلیں گے اور عمران خان سے مہنگائی کے خلاف حساب لیں گے، چیئر مین پیپلز پارٹی

اتوار 16 جنوری 2022 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو 27 فروی سے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔اتوار کے روز بھی مصروف دن گزارا۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں ان سے پارٹی کی اہم شخصیات نے ملاقاتیں کرکے 27فروری کو ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی سے جن شخصیات نے ملاقاتیں کیں ان میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن انور سیف اللہ خان، پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاصمہ ارباب عالمگیر، پارٹی کے سینئر رہنما سید ظاہر شاہ کے علاوہ پیپلزپارٹی ضلع دیامیر سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں حاجی دلبر خان، انجینئر نوید اقبال، نظام دین، سید امام مالک شاہ اور شیر اللہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفود سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں چار روپے اضافے کے ساتھ پٹرولیم کی قیمتوں میں بھی تین روپے سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے جو عوام کا معاشی قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لئے ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہونا چاہیے ورنہ عمران خان سے نجات دلانا ضروری ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بس اب بہت ہوگیا عوام 27فروی کو اسلام آباد کے لئے نکلیں گے اور عمران خان سے مہنگائی کے خلاف حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے۔ والی ریاست مدینہ کو خبر ہو کہ بجلی اور پٹرولی کی قیمتوں اضافے کے اثرات عوام پر پڑیں گے۔ انہوں نے عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ پاکستان کے فیصلے بیرون ملک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 27 فروی سے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات