بے قابو کورونا مزید خطرہ بننے لگا‘ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 9 فیصد ہوگئی

چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 7 افراد انتقال کرگئے‘ مزید 4 ہزار 340 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 10:24

بے قابو کورونا مزید خطرہ بننے لگا‘ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 9 فیصد ہوگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) عالمی وباء کی پانچویں لہر میں بے قابو ہوتا کورونا مزید خطرہ بننے لگا کیوں کہ ملک میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 9 فیصد ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید7 افراد انتقال کرگئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 ہزار 019 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 49 ہزار 809 ٹیسٹ کیے گئے ، جس میں سے کورونا کے مزید 4 ہزار 340 کیسز رپورٹ ہوئے ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 71 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں اس وقت کورونا کے 781 زیرعلاج مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جب کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 28 ہزار 487 تک پہنچ چکی ہے ، صوبہ سندھ میں اب تک کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 500 ہوگئی ہے ، صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 4 لاکھ 53 ہزار 392 بتائی گئی ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مجموعی افراد ایک لاکھ 82 ہزار 311 ہیں اور صوبہ بلوچستان میں کورونا نے 33 ہزار 705 شہریوں کو اپنا نشانہ بنایا جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 1 ہزار 376 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 445 اور آزاد کشمیر میں اب تک 34 ہزار 758 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوشش میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت کا اجلاس آج طلب کیا ہے ، اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور صوبائی وزرائے صحت کے وزراء کا اجلاس تعلیم کے شعبے ، عوامی اجتماعات ، شادی بیاہ کی تقریبات ، انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے ، اجلاس میں ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تعلیمی ادروں کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔