کورونا کا پھیلاؤ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا پابندیوں کا مطالبہ

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سمیت جلسے جلوسوں پر پابندی کا مطالبہ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 جنوری 2022 11:09

کورونا کا پھیلاؤ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا پابندیوں کا مطالبہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سمیت جلسے جلوسوں پر بھی پابندی کا مطالبہ کر دیا۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ اومی کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح بھی بڑھ رہی ہے جس کے باعث اسپتالوں پر کسی بھی وقت دباؤ پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کورونا کی چار لہروں میں سختی نہیں کی لیکن اب سختی کرنا ہو گی جس کے لیے شادی ہالز ، ریسٹورنٹس اور جلسے جلوسوں کو بند کرنا ہو گا۔ خیال رہے کہ عالمی وباء کی پانچویں لہر میں بے قابو ہوتا کورونا مزید خطرہ بننے لگا کیوں کہ ملک میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 9 فیصد ہوگئی۔

(جاری ہے)

نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید7 افراد انتقال کرگئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 ہزار 019 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 49 ہزار 809 ٹیسٹ کیے گئے ، جس میں سے کورونا کے مزید 4 ہزار 340 کیسز رپورٹ ہوئے ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 71 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں اس وقت کورونا کے 781 زیرعلاج مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جب کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 28 ہزار 487 تک پہنچ چکی ہے ، صوبہ سندھ میں اب تک کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 500 ہوگئی ہے ، صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 4 لاکھ 53 ہزار 392 بتائی گئی ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مجموعی افراد ایک لاکھ 82 ہزار 311 ہیں اور صوبہ بلوچستان میں کورونا نے 33 ہزار 705 شہریوں کو اپنا نشانہ بنایا جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 1 ہزار 376 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 445 اور آزاد کشمیر میں اب تک 34 ہزار 758 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔