Live Updates

’ن لیگ میں 4 ارکان ایسے ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل سمجھتے ہیں‘

ن لیگی ان 4 اراکین کو اس عزم کا اظہار بند کمروں میں نہیں کھلے عام کرنا چاہیے‘ ساری عمر کیا ڈرتے ہی گزار دیں گے؟ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 11:12

’ن لیگ میں 4 ارکان ایسے ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل سمجھتے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن میں 4 ارکان ایسے ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل سمجھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو یہ خوش آئند بات ہے کہ نون لیگ میں چار ارکان ایسے بھی ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل اور قیادت کرنے کا حقدار سمجھنے کی جرائت رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے ن لیگی ارکان کو مشورہ دیا کہ اِس عزم کا اظہار اُنہیں بند کمروں میں نہیں بلکہ کھلے عام کرنا چاہیے ، ساری عمر کیا ڈرتے ہی گزار دیں گے؟ 
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے خود کو وزیراعظم عمران خان کے لیے ڈراؤنا خواب قرار دے دیا ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں۔

(جاری ہے)

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ساڑھے تین سال صرف مہنگائی میں اضافہ کیا ہے، پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے ، حکومتی نااہلی اور ظالمانہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ، ملکی تاریخ کی سب سے زيادہ مہنگائی اس وقت ہے ، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں ، عمران خان اور حکومت نےعوام کے ساتھ بہت بڑاظلم کیا ، غربت اور بے روزگاری نے ڈیرے جما رکھے ہیں، پی ڈیم ایم کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کیلئے ہے جب کہ تحریک عدم اعتماد کا عمل باہمی مشاورت سے ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات