فیصل آباد ؛ گھر سے نکالے جانے پر بیٹے کا خون سفید ہوگیا

گھر سے نکالنے کی رنجش پر بیٹے نے دوست کے ساتھ مل کر باپ کو قتل کر دیا‘ دوسرا بیٹا وقوعہ کو ڈکیتی کا رنگ دیتا رہا

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 11:32

فیصل آباد ؛ گھر سے نکالے جانے پر بیٹے کا خون سفید ہوگیا
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں گھر سے نکالے جانے پر بیٹے کا خون سفید ہوگیا ، گھر سے نکالنے کی رنجش پر بیٹے نے دوست کے ساتھ مل کر باپ کو قتل کر دیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گھر سے نکالنے کی رنجش پر بیٹے نے دوست کیساتھ ملکر باپ کو قتل کر دیا جب کہ دوسرے بیٹے نے وقوعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی جو ناکام رہی یہ فسوسناک واقعہ فیصل آباد میں ملت ٹاؤن کے علاقہ چک نمبر198رب منیاں والا میں پیش آیا ، جہاں کے رہائشی محمد اشرف نے کام کاج نہ کرنے پر چھوٹے بیٹے بلال کو گھر سے نکال دیا جب کہ خود محمد اشرف دن کو مستری کا کام اور رات کو انڈے فروخت کرکے گزربسر کرتا تھا تاہم گزشتہ شام جب وہ انڈے فروخت کرنے کے بعد گھر واپس پہنچا تو بلال نے اپنے دوست رمضان عرف جانی کے ساتھ مل کر اپنے باپ کو پستول سے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق قتل کے بعد مقتول کے بیٹے علی اصغر نے معاملہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج سے حقیقت سامنے آگئی جس کے بعد ملت ٹاؤن پولیس نے علی اصغر کے بیان کی روشنی میں بلال اور اس کے دوست رمضان عرف جانی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ ادھرلاہور میں ایک بد بخت بیٹے نے جائیداد کی خاطر کزن اور دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی والد کو موت کے گھاٹ اُتاردیا ، جائیداد کی لالچ میں کزن اور دوست کے ساتھ مل کر سگے باپ کو قتل کرنے والے بدبخت بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ، پولیس نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اپنے کزن اور دوست کے ساتھ مل کر والد کو قتل کیا ، ملزم نے اپنے والد کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لی ا، ملزم شہزم نےعمیراورعبدالرحمن کے ساتھ ملکرچھری اور ہتھوڑے سے قتل کیا ، پولیس نے ملزموں کوگرفتار کرکے آلہ قتل،چھری اورہتھوڑا برآمد کرلیا ۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیس کو لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن کے رحمان پارک میں شہزم نامی کالر کی کال موصول ہوئی کہ اس کے والد عابد لطیف کو کسی نامعلوم شخص نے قتل کر دیا ہے ، ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز اور ایس پی صدر حفیظ الرحمن بگٹی موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا ، تو حالات مشکوک جانتے ہوئے کالر سے تفتیش کی گئی تو ، کالر شہزم نے چند منٹوں میں ہی اپنے والد عابد لطیف کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

بدبخت بیٹے کا کہنا ہے کہ اس کا والد کنجوس اور سخت گیر تھا، جس پر بیٹے نے جائیداد ہتھیانے کے لیے اپنے کزن اور دوست کے ساتھ مل کر اپنے والد کو قتل کیا ، پولیس نے تینوں ملزمان شہزم ،عمیر اور عبد الرحمن کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا جب کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس اور فرانزک سائنس کی ٹیموں نے موقع سے شواہد اکھٹے کیے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔