’اومی کرون آگ کی طرح پھیلے گا‘ ملک میں وباء سے کئی اموات کا خدشہ ظاہر کردیا گیا

دنیا میں 80 فیصد لوگوں کی ویکسی نیشن تک اومی کرون کو روکا نہیں جاسکتا ‘ یہ آگ کی طرح پھیل رہا ہے اور پھیلتا جائے گا ‘ اس دوران یہ وائرس بہت ساری زندگیاں بھی لے گا۔ وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 13:23

’اومی کرون آگ کی طرح پھیلے گا‘ ملک میں وباء سے کئی اموات کا خدشہ ظاہر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹرجاوید اکرم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اومی کرون آگ کی طرح پھیل رہاہے اور پھیلتا جائے گا ، اس دوران یہ وائرس بہت ساری زندگیاں بھی لے گا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کہا کہ دنیا میں 80 فیصد لوگوں کی ویکسی نیشن تک اسے روکا نہیں جاسکتا ، اس لیے تمام افراد سے گزارش ہے کہ جلد ویکسی نیشن مکمل کروائیں ، اس کے علاوہ ہمیں پہلے سے زیادہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کی بھی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان بھر میں اومی کرون کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، صوبہ پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 49 امی کرون کے کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے 37 کا تعلق لاہور سے ہے جب کہ نئے کیسز کے بعد صوبہ پنجاب میں اومی کرون کے کیسز کی تعداد 511 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر عالمی وباء کی پانچویں لہر میں بے قابو ہوتا کورونا مزید خطرہ بننے لگا کیوں کہ ملک میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح تقریباً 9 فیصد ہوگئی ، نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید7 افراد انتقال کرگئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 ہزار 019 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 49 ہزار 809 ٹیسٹ کیے گئے ، جس میں سے کورونا کے مزید 4 ہزار 340 کیسز رپورٹ ہوئے ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 71 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں اس وقت کورونا کے 781 زیرعلاج مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جب کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 28 ہزار 487 تک پہنچ چکی ہے ، صوبہ سندھ میں اب تک کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 500 ہوگئی ہے ، صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 4 لاکھ 53 ہزار 392 بتائی گئی ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مجموعی افراد ایک لاکھ 82 ہزار 311 ہیں اور صوبہ بلوچستان میں کورونا نے 33 ہزار 705 شہریوں کو اپنا نشانہ بنایا جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 1 ہزار 376 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 445 اور آزاد کشمیر میں اب تک 34 ہزار 758 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔