مقبوضہ جموں وکشمیر، لکھنو کا مسلمان خاندان سرینگر جموں ہائی پر لاپتہ

پیر 17 جنوری 2022 15:06

جموں(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںضلع رامبن میں پولیس نے لکھنو  کے ایک مسلمان خاندان کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جمعہ کی صبح سرینگر جموں ہائی وے سے رامسو کے مقام پر لاپتہ ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایس ایس پی رامبن موہیتا شرما نے میڈیا کو بتایا کہ یہ تلاشی کارروائی اترپردیش کے شہرلکھنو سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے مطلع کرنے کے بعد شروع کی گئی ہے کہ جموں وکشمیر جانے والے ان کے رشتہ دار مبینہ طور پر رامسو کے علاقے میں ہائی وے پرمٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں پھنس جانے کے بعد بے ہوش ہو گئے تھے۔

لواحقین نے کہا ہے کہ واٹس ایپ کے ذریعے ان کے پھنس جانے کے پیغامات موصول ہونے کے بعد اب تقریباً تین دن سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق رشتہ داروں نے لاپتہ افراد کی شناخت65سالہ محمود علی خان، 52سالہ درخشان اور 26سالہ شاویز خان کے طور پر کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کے لیے مخصوص جگہ پر اور اس کے ارد گرد وسیع پیمانے پر تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔