پی ٹی آئی نے عوام دشمن منی بجٹ جمہوری اور پارلیمنٹ کے تمام اُصولوں کو پامال کرکے پاس کرایا، شاہ محمد شاہ

بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اپنے علاقے کے لوگوں کی مشکلات اور تکالیف دور کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے، منور رضا / رانا احسان

پیر 17 جنوری 2022 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر رانا احسان کی رہائش گاہ پر آنے والے بلدیاتی الیکشن اور پارٹی امور کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی نے عوام دشمن منی بجٹ جمہوری اور پارلیمنٹ کے تمام اُصولوں کو پامال کرکے پاس کرایا اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کے اُصولی کردار ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام اور پی ٹی آئی کے نمائندے کا کردار ادا کرتے رہے جو ان کی بے حسی اور جمہوریت روایت کی دشمنی کا کھلا عملی ثبوت ہے ۔ سینئر رہنماء سید منور رضا نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن لوگوں کے سوک مسائل کے حل اور انکی خدمت کا اہم ترین ذریعہ ہے اور ہمارے کارکن اس اعلیٰ عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور طور پر حصہ لے کر علاقے کے لوگوں کے ووٹوں کے ذریعے کامیابی حاصل کریں گے ۔

(جاری ہے)

میزبان رانااحسان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اپنے علاقے کے لوگوں کی مشکلات اور تکالیف دور کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے ، ٹوٹی سڑکیں ، گلیاں ، اُبلتے گٹر، گندہ پانی، کوڑا کرکٹ اور دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے لوگ اچھے اور باکردار لوگوں پر اعتماد کرکے اپنے ووٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر حاجی امین مانا، ملک ریاض، ملک تاج، جاوید ارسلاں خان، دین محمد لغاری، راجہ عبداللہ، حاجی طیب زر، خواجہ خیر الدین، رانا اشفاق رسول کے علاوہ اسلم خٹک ایڈوکیٹ، حاجی صالحین تنولی، رانا وارث، راجہ سعید، حاجی محمد اقبال، سید شمس الرحمن، مظہر شاہ، خالد حسین شیخ، چوہدری امجد ایڈوکیٹ، شیخ غلام باری، ایوب جوہری، عبدالنعیم، محبوب الٰہی، مشرف ملک، اخلاق آرائیں، پروین بشیر کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ آخر میں رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کو انکی 71ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اور ان کی صحت و عمر میں اضافے کیلئے خصوصی دعا کی۔