وفاقی شرعی عدالت نے حکومت سے جعلی خواجہ سراؤں کی شناخت اور ان کے سدباب کے لیے تجاویز مانگ لیں

میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون میں کچھ ترامیم بھی ہو رہی ہیں، چیف جسٹس شرعی کورت سید محمد انور کے ریمارکس

پیر 17 جنوری 2022 17:28

وفاقی شرعی عدالت نے حکومت سے جعلی خواجہ سراؤں کی شناخت اور ان کے سدباب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) وفاقی شرعی عدالت نے حکومت سے جعلی خواجہ سراؤں کی شناخت اور ان کے سدباب کے لیے تجاویز مانگ لیں۔پیر کو جنس تبدیلی سے متعلق قانون کے خلاف درخواستوں پر وفاقی شرعی عدالت میں سماعت ہوئی،چیف جسٹس شرعی کورٹ سید محمد انور نے ریمارکس دئیے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون میں کچھ ترامیم بھی ہو رہی ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ شریعت میں اپنی جنس چھوڑ کر دوسرے جیسا بننے والے پر لعنت بھیجی گئی ہے جبکہ وکیل وزارت انسانی حقوق احسن منگی کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں ترمیمی بل ضرور آیا تھا لیکن ابھی منظور نہیں ہوا۔چیف جسٹس شرعی کورٹ کا کہنا تھا کہ جو جیسا پیدا کیا گیا ہے خود کو ویسا ہی ظاہر کرنے والے پر کوئی لعنت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس سید محمد انور نے کہا کہ جو خواجہ سرا نہیں اور خود کو ظاہر کرتے ہیں ان پر سب کو اعتراض ہے، قانون خواجہ سراؤں کے حقوق اور تحفظ کے لیے بنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ قانون غلط ہونا اور اس کا استعمال غلط ہونا الگ الگ چیزیں ہیں، کسی کو خواجہ سرا کی جنس پر اعتراض ہو تو میڈیکل کروایا جا سکتا ہے۔چیف جسٹس شرعی کورٹ نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق کے وکیل نے کہا تھا قانون پر عملدرآمد کے لیے رولز بن رہے ہیں۔وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ رولز میں ایسی شق شامل نہیں ہو سکتی جس کا قانون میں ذکر نہ ہو، وزارت انسانی حقوق سے ہدایات لیکر آگاہ کروں گا۔جسٹس شیخ قاسم نے کہا کہ کس کی جنس کیا ہے اس پر تو جھگڑا ہونا ہی نہیں چاہیے جبکہ چیف جسٹس شرعی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ کیا خواجہ سرا انسان نہیں کہ حکومت ان کی مالی امداد کری وفاقی شرعی عدالت نے جعلی خواجہ سراؤں کی شناخت اور سدباب کے لیے حکومت سے تجاویز مانگ لیں۔