73ویں پنجاب گیمز کے لئے ٹرائلز ، نوجوان پنجاب گیمز میں شرکت کیلئے پرجوش

پیر 17 جنوری 2022 21:12

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2022ء) : پنجاب گیمز کے انعقاد کا مقصد ہی نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا اور پھر اسے مزید تربیت دیکر قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کرنا ہے۔ محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کے زیراہتمام 24جنوری سے شروع ہونیوالے 73ویں پنجاب گیمز 2022 کیلئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز پنجاب کے تمام ڈویژنز میں جاری ہیں، اب تک 30ہزار سے زائد مردوخواتین کھلاڑی مختلف کھیلوں کے لئے ٹرائلز دے چکے ہیں ۔

جاوید چوہان نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کا ٹرائلز دینا خوش آئند ہے، نوجوان پنجاب گیمز میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، ٹرائلز کے بعد پنجاب گیمز میں 4500سے زائد مردوخواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جس سے ہر کھیل میں نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، پنجاب گیمز کے انعقاد کا مقصد ہی نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا اور پھر اسے مزید تربیت دے کر قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب گیمز کے صوبہ بھر سے اب تک تیس ہزار سے زائد مردوخواتین کھلاڑی ٹرائلز دے چکے ہیں، لاہور ڈویژن میں 7076،ملتان ڈویژن میں 3235، فیصل آباد ڈویژن میں 4520،بہاولپور ڈویژن میں 2862، راولپنڈی ڈویژن میں 3785، گوجرانوالہ ڈویژن میں 2236، سرگودھا ڈویژن میں 2572کھلاڑیوں،ساہیوال ڈویژن میں 1969اور ڈی جی خان ڈویژن میں 1764کھلاڑیوں نے ٹرائلز دیئے،پیر کے روز لاہور میں فٹبال، ہینڈ بال اور رگبی کے ٹرائل ہوئے جبکہ راولپنڈی میں باکسنگ کے ٹرائلز ہوئے،نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں باسکٹ بال کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا ہے۔