کمانڈر رائل عمانی بحریہ کانیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پیر 17 جنوری 2022 22:24

کمانڈر رائل عمانی بحریہ کانیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2022ء) کمانڈر رائل عمانی بحریہ ریئر ایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔کمانڈر رائل عمانی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔