Live Updates

مسلم لیگ ن میں وزیراعظم بننے کے خواہشمند رہنماؤں کے نام سامنے آگئے

شاہد خاقان عباسی ، ایاز صادق ، احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 جنوری 2022 10:32

مسلم لیگ ن میں وزیراعظم بننے کے خواہشمند رہنماؤں کے نام سامنے آگئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ن میں وزیراعظم بننے کے خواہشمند رہنماؤں کے نام سامنے آگئے ، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی ، ایاز صادق ، احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ن لیگ کن اصولوں کی بات کررہی ہے ، مسلم لیگ ن کی فہرست میں تو وہ لوگ ہیں جو ہر وقت بکنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور خواجہ آصف تو پہلے ہی اپنی جماعت میں بے نقاب ہوچکے ہیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جعلی رپورٹس کی بنیاد پر ان کے قائد نوازشریف ملک سے باہر گئے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کو اندازہ ہوگیا تھا کہ ان کی رپورٹس جعلی ہیں ، اسی لیے حکومت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس سے متعلق کمیٹی بنادی ہے ، جس نے بھی نواز شریف کی جعلی رپورٹ بنائی اس کو سزا دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء جاوید لطیف نے کہا کہ فیصل واوڈا نے جن کا نام لیا یہ ان کی اپنی خواہش تو ہوسکتی ہے لیکن چار ناموں میں سے تین ایسے ہیں جن کی یہ خواہش نہیں ہوگی کیوں کہ نواز شریف کی مرضی کے بغیر تو کوئی اپنی خواہش کا اظہار بھی نہیں کرسکتا ، فیصل واوڈا پہلے یہ بتائیں وہ عرضی کس کے پاس لے کر گئے تھے وہ یہ بتادیں گے تو میں نام بتا دوں گا۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے انکشاف کیا تھا کہ مسلم لیگ ن میں 4 ارکان ایسے ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل سمجھتے ہیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو یہ خوش آئند بات ہے کہ نون لیگ میں چار ارکان ایسے بھی ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل اور قیادت کرنے کا حقدار سمجھنے کی جرائت رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے ن لیگی ارکان کو مشورہ دیا کہ اِس عزم کا اظہار اُنہیں بند کمروں میں نہیں بلکہ کھلے عام کرنا چاہیے ، ساری عمر کیا ڈرتے ہی گزار دیں گے؟ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات