کوروناکو پھیلنے سے روکنے کیلئے ماسک کی افادیت کے مزید شواہدسامنے آگئے

ماسک ہوا میں پھیلنے والے جراثیموں جیسے کورونا وائرس کے ذرات کا فاصلہ 50 فیصد سے زیادہ کم کردیتے ہیں،رپورٹ

منگل 18 جنوری 2022 12:48

کوروناکو پھیلنے سے روکنے کیلئے ماسک کی افادیت کے مزید شواہدسامنے آگئے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) امریکی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ فیس ماسک ہوا میں پھیلنے والے جراثیموں جیسے کورونا وائرس کے ذرات کا فاصلہ 50 فیصد سے زیادہ کم کردیتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینٹرل فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں عندیہ دیا گیا کہ سماجی دوری کی کچھ گائیڈلائنز کو اس صورت میں ترک کیا جاسکتا ہے جب تمام افراد فیس ماسک کا استعمال کریں۔

تحقیق کے مطابق نتائج سے واضح شواہد ملتے ہیں کہ بغیر فیس ماسک کے 6 فٹ کی دوری سے چہرہ ڈھانپ کر 3 میٹر کی دوری بہتر ہے۔اس تحقیق میں 21 سے 31 سال کی عمر کے 14 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور بولنے اور کھانسی کے دوران فیس ماسک یا بغیر فیس ماسک ہر سمت سفر کرنے والے ننھے ذرات اور ایروسولز (بڑے ذرات)کے فاصلے کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی آلات کا استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہر رضاکار کو چہرہ ڈھانپے بغیر، کپڑے کے فیس ماسک اور 3 تہوں والے سرجیکل ماسکس پہن کر 5 منٹ تک ایک جملے دہرانے اور کھانسنے کی ہدایت کی گئی۔فیس ماسک کے بغیر بات کرنے یا کھانسنے سے ہوا میں خارج ہونے والے ذرات ہر سمت 4 فٹ دور تک پھیلتے ہیں جبکہ کپڑے کے ماسک سے چہرہ ڈھانپنے سے یہ ذرات 2 میٹر اور سرجیکل ماسک کے استعمال سے 6 انچ دور تک جاتے ہیں۔محققین نے بتایا کہ وبائی امراض کے ہوا سے پھیلنے کی شرح میں کمی لانے سے لوگوں کو محفوظ رکھنے اور کووڈ و دیگر امراض کے خلاف موثر ردعمل میں مدد مل سکے گی۔