کماد کی پیداوار میں اضافے کا قومی منصوبہ، رعایتی قیمت پر زرعی آلات و مشینری کے حصول کے لئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب

منگل 18 جنوری 2022 13:23

کماد کی پیداوار میں اضافے کا قومی منصوبہ، رعایتی قیمت پر زرعی آلات ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2022ء) وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے 300 ارب روپے کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔ ان منصوبوں میں کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت  ایک  ارب 73 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو   50 فیصد سبسڈی پرمخصوص زرعی آلات  فراہم کیے جا رہے ہیں۔

5 سے 25 ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکاروں سے زرعی آلات و مشینری کی رعایتی قیمت پر فراہمی کے لئے درخواستیں طلب کی  گئی ہیں۔ اس ضمن میں درخواست گزار فارم پر درج تمام شرائط پر عملدرآمد کا پابند ہوگا۔ کاشتکار درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت کاشتکار وں کو چزل پلو، شوگر کین پلانٹر، ارل ہل اپ شوگر کین ریجر اور گرینولر پیسٹی سائیڈ ایپلیکیٹر سبسڈی پر فراہم کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ درخواست فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔

تمام درخواستیں تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں 28 جنوری 2022 تک وصول کی جائیں گی۔ درخواستوں کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد قرعہ اندازی ضلعی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں ہوگی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے صوبہ میں گنے کی اوسط پیداوار میں 200 من فی ایکڑ  اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :