متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں

ملک میں آج کوویڈ کے مزید 2,792 کیسز رپورٹ‘ اس دوران 3 اموات بھی ہوئیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 جنوری 2022 15:48

متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر تقریباً 2800 نئے کیسز سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور روک تھام نے منگل کے روز ملک میں کوویڈ 19 وائرس کے مزید 2,792 کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی اس دوران 1,166 مریض وباء سے صحت یاب بھی ہوئے لیکن وائرس کی وجہ سے 3 افراد کی موت بھی ہوگئی جب کہ اس وقت یو اے ای کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 46,452 بتائی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں نئے کیسز کی تشخیص 4 لاکھ 87 ہزار 749 اضافی ٹیسٹوں کے ذریعے ہوئی اور امارات میں 18 جنوری تک کیسز کی کل تعداد 8 لاکھ 11 ہزار 029 ہوچکی ہے ، جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 7 لاکھ 62 ہزار 379 بتائی گئی ہے اور اب تک وباء کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 2,198 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر ابوظہبی نے سرحدی قوانین کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے امارات میں داخل ہونے کے لیے کوویڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے د یا ، اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کے لیے متحدہ عرب امارات کی آفیشل ایپ الحوسن ایپ نے کہا کہ ابوظہبی اور بیشتر عوامی مقامات پر داخل ہونے کے لیے تمام قسم کے کوویڈ 19 ویکسی نیشن والوں کے لیے بوسٹر شاٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہر قسم کی ویکسی نیشن کروانے والوں کے لیے بوسٹر ڈوز کی ضرورت ہے ، اگر آپ کو گرین پاس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ویکسی نیشن مکمل کیے چھ ماہ ہو چکے ہیں تو اپنا بوسٹر ڈوز ابھی بک کرنا یقینی بنائیں ، اگر کسی شخص نے Pfizer-BioNTech کو Sinopharm کی دو خوراکیں لینے کے بعد بوسٹر خوراک کے طور پر لیا ہے ، تب بھی اس فرد کو ایک اور بوسٹر شاٹ لینے کی ضرورت ہے اگر اسے آخری جاب سے چھ ماہ گزر چکے ہوں ، اس لیے اپنی بوسٹر ڈوز جلد از جلد بک کروائیں تاکہ الحوسن ایپ میں گرین اسٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔

ملک میں ہیلتھ پریکٹیشنرز نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وائرس کی علامات کے خطرے کو کم کرنے اور خاص طور پر شدید بیمار ہونے سے بچنے کے لیے ویکسین ضرور لگوائیں ، مکمل طور پر ٹیکے لگوانے والے رہائشی جنہوں نے چھ ماہ سے زیادہ عرصہ پہلے سائنو فارم کی خوراک لی ہے انہیں بوسٹر شاٹ لینا چاہیے جبکہ دیگر ویکسین لینے والے افراد کو ابھی تک بوسٹر خوراک کی ضرورت نہیں ہے۔