قومی سلامتی پالیسی سے ملکی معیشت و دفاع مضبوط ہوگا،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

پالیسی اسلامی دنیا کی واحد جوہری طاقت کے حامل ملک پاکستان کو ہر شعبہ میں مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی،کنونیئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی داخلہ

منگل 18 جنوری 2022 15:59

قومی سلامتی پالیسی سے ملکی معیشت و دفاع مضبوط ہوگا،سینیٹر ثمینہ ممتاز ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) کنونیئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع پالیسی کی تشکیل بہترین اور زبردست اقدام ہے۔ یہ اقدام قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنانے میں نہایت مفید و مددگار ثابت ہو گا۔ملک کی پہلی جامع قومی سلامتی پالیسی موجودہ حکومت کا ایک کارنامہ ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ قومی سلامتی پوری قوم کے لئے یکساں طور پر سب سے اہم ہے اور اس کے لئے پوری قوم ایک پیج پر موجود ہے ۔قومی سلامتی پالیسی سیاسی و عسکری قیادت کے ملکی دفاع سے متعلق غیر متزلزل عزم کا اظہار و عکاس ہے ۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی پالیسی کا مقصد مضبوط معاشی و اقتصادی معاملات کے ساتھ ساتھ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانا ہے جو ہر پاکستانی کی دلی خواہش اور عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی میں معیشت ، دفاع ، خارجہ سمیت ملک کے ہر شعبہ کا احاطہ کرتی ہے اور اسلامی دنیا کی واحد جوہری طاقت کے حامل ملک پاکستان کو ہر شعبہ میں مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے قومی سلامتی پالیسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور اندرون ملک دہشت گرد عناصر سے نمٹنے کے لئے پاک افواج کا کردار ہمیشہ قابل فخر رہا ہے اور پاک افواج نے ہم سب کے وطن پاکستان کی حفاظت میں جانوں کے نذرانے دے کر ملکی سرحدوں اور مفادات کی حفاظت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی ہم سب کے لئے ہے اور ہم بحیثیت پاکستانی قوم ملک کے ہر شعبے میں اور بھی دلجمعی اور محنت سے کام کریں گے اور ملک کو ترقی پذیر کی دوڑ سے نکال کر ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ذاتی انا اور اپنے مفادات کو پس پشت ڈا ل کر قومی سلامتی پالیسی کے تحت ملکی معیشت و دفاع کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی سلامتی پالیسی پر عملدرآمد سے پاکستان جلد ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے قومی سلامتی پالیسی کے اجراء پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی ملکی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہو گی ۔