عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کے دوران پرامپٹر خراب ہونے پر مودی ہڑبڑا گئے

منگل 18 جنوری 2022 16:20

عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کے دوران پرامپٹر خراب ہونے پر مودی ہڑبڑا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2022ء) عالمی اقتصادی فورم سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ٹیلی پرامپٹر نے کام چھوڑ دیا اورمودی گھبرا کر مدد کے لئے ادھر دیکھنے لگے ۔ اس دوران ایک جملہ بھی مودی صحیح طور پر ادا نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نریندر مودی نے اپنے خطاب میں ابھی بھارتی شہریوں کی نام نہاد صلاحیتوں پر فخر کرنا شروع ہی کیا تھااور ’’ہم ہندوستانیوں کی ذہانت اور قابلیت ‘‘کے الفاظ ہی بولے تھے کہ تو ٹیلی پرامپٹر نے کام چھوڑ دیا جس کی وجہ سے انہیں اپنا خطاب روک کر ادھر ادھر دیکھنا پڑا ۔

مودی نے انتہائی مایوسی میں نظریں گھمانا شروع کردیں اور وہ بے بسی کی تصویر بنے ٹیکنیشن کو تلاش کررہے تھے ۔ایسا لگ رہا تھا کہ نریندر مودی ٹیلی پرامپٹر سے جس تقریر کو دیکھ کر پڑھ رہے تھے وہ اچانک غائب ہو گئی اور وزیر اعظم  مودی ہڑبڑا گئے۔اس دوران انہوں نے ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں کہا ’’کیا آ پ کو ٹھیک سے سنائی دے رہاہے ‘‘۔کچھ دیر کی خاموشی کے بعد تقریب کے میزبان مودی کی مدد کو آئے اور انہیں نے خود سے پروگرام کو آگے بڑھایا۔